• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، نفیسہ شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، اس رپورٹ میں ملبہ کپتان پر ڈالا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ غلام سرور خان نے گزشتہ روز طیارہ حادثے کی رپورٹ پیش کی، مانتے ہیں کہ یہ مثبت اقدام ہے کہ طیارہ حادثے پر رپورٹ پیش کی گئی۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس رپورٹ کی جس طرح سے تحقیق کی گئی اس کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ اس رپورٹ میں ملبہ کپتان پر ڈالا جا رہا ہے، جبکہ سوال یہ ہے کہ کون سا کپتان؟ وزیراعظم یا جہاز کا کپتان؟۔

انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں بدلے اور بدنیتی کی بو آرہی ہے، وزیراعظم اور ان کے وزیر کو استعفیٰ دینا چاہیے، جبکہ وزیر صاحب نے ہوا بازی کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ حیرت ہے کہ وزیرخود کہتے ہیں پاکستان میں 294 پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں، جبکہ پی آئی اے اور ایوی ایشن والوں کو مشکوک لائسنس والے پائلٹس کے بارے میں معلوم ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ کیا وزیر صاحب خود اہل ہیں؟ ان کے اوپر جعلی ڈگری کا کیس ہے۔

تازہ ترین