اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)وزارت توانائی کے ترجمان نے کے الیکٹرک کے ذریعے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کے سلسلے میں کچھ غلط فہمیوں کی وضاحت کی ہے جس کی وجہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایندھن کی عدم فراہمی کو غلط قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ای کو 800 میگاواٹ بجلی مہیا کررہی ہے اور نیشنل گرڈ سے 500 میگاواٹ اضافی فراہمی کے لئے تیار ہے لیکن کے ای سسٹم کی فزیکل رکاوٹیں اضافی بجلی لینے میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔ یہ واضح طور پر اشارہ کرتا ہے کہ کے ای کے حصے میں سسٹم اپ گریڈیشن مناسب سطح پر اور مناسب سرمایہ کاری کے ساتھ نہیں ہوا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی کابینہ نے کراچی کے عوام کی عمومی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی نیشنل گرڈ سے کے ای کو 1100 میگاواٹ اضافی بجلی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔