اسراء بلجیک نے پاکستانیوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد انہیں پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں گھومتے پھرتے دیکھیں گے۔
اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسراء بلجیک کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ نشر کرنے کے اعلان پر میری حیرت اور فخر کی ملی جلی کیفیات تھیں۔
ترک اداکارہ اسراء بلجیک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان کے ارطغرل غای کے پاکستان میں نشر کئے جانے کے اعلان، پاکستان سے ملنے والے ردعمل، ’ارطغرل غازی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہونے والے واقعات، اپنی پسندیدہ اور ناپسندیدہ چیزوں سمیت پاکستان میں مستقبل کے پروجیکٹس کے حوالے سے بات چیت کی۔
انٹرویو کے آغاز میں انہوں نے عمران خان کے اعلان کو یادگار اعلان قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ اعلان سامنے آیا کہ ’دیرلیش ارطغرل‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرکے پاکستان میں نشر کیا جائے گا تو اُس وقت مجھے بہت حیرت بھی ہوئی تھی اور فخر بھی محسوس ہوا تھا۔‘
اُنہوں نے انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ پاکستان کے تین مختلف برانڈز کے ساتھ کام کرنے والی ہیں اور وہ اس بات کا باقاعدہ اعلان کچھ دن میں ایک پریس ریلیز کے ذریعے کریں گی۔‘
ترک اداکارہ نے ’ارطغرل غازی‘ کی دنیا بھر میں کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ’جب میں نے اور میرے ساتھی اداکاروں نے پہلی بار ارطغرل غازی کی شوٹنگ شروع کی تھی تو ہمیں اس وقت یہ معلوم تھا کہ ترکی میں یہ سیریز ضرور کامیاب ہوگی لیکن ہمیں اس بات کا اندازہ بالکل نہیں تھا کہ دُنیا بھر میں بھی ہماری سیریز کو خوب مقبولیت اور پذیرائی حاصل ہوگی۔‘
اسراء بلجیک نے کہا کہ ’ترکی کے علاوہ پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی کامیابی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم سب کے جذبات اور احساسات ایک جیسے ہیں، ہم اسلامی تاریخ جاننا چاہتے ہیں۔‘
اُنہوں نے اپنے کردار ’حلیمہ سلطان‘ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’جب مجھے حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے کی پیشکش ہوئی تو میں اس کشمکش میں مبتلا ہوگئی کہ کیا میں تاریخ کے اس کردار کے ساتھ انصاف کرپاؤں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے اسکرپٹ پڑھا، اُس کردار کو نبھانے میں اپنا سو فیصد دیا اور بالآخر کامیاب ہوئی، اسراء نے کہا کہ انہیں فخر محسوس ہوتا ہے کہ حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے کے لیے میرا انتخاب کیا گیا۔‘
’دیریلیش ارطغرل‘ یا ’ارطغرل غازی‘ کی یاد تازہ کرتے ہوئے اسراء بلجیک نے اپنے پسندیدہ ساتھی اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ ساتھی اداکاروں میں سب سے پسندیدہ اداکار انجن التان(ارطغرل)، حلیہ (حائمہ اماں) اور ایزگی( بنو چیچک) تھی، مجھے ان سب سے بہت زیادہ پیار ملا۔‘
اسراء نے سیریز میں اپنے پسندیدہ سین یا مناظر کے حوالے سے بتایا کہ ’جب حلیمہ اپنے شوہر ارطغرل کو اپنے دوسرے بچے ساؤچی کی خوشخبری دیتی ہے اور جب ارطغرل اپنے دشمنوں سے لڑتا ہے تو یہ والے سین میرے لئے ناقابلِ فراموش ہیں۔
پاکستان آنے کی متعدد بار خواہش کا اظہار کرنے والی اسراء نے ایک بار پھر ناصرف اسی خواہش کا اظہار کیا بلکہ یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ جلد اپنے کیمرے کے ساتھ پاکستان کے پہاڑی علاقوں جیسے بابو سر ٹاپ، آزاد کشمیر اور دیوسائی میں تصویر کشی کرنے اور اپنی ڈاکیومینٹری کے لیے یہاں آئیں گی۔
ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی مداحوں کو یہ خوشخبری بھی سنائی کہ پاکستانی انہیں جلد جھیل سیف الملوک اور وادی ہنزہ میں گھومتے پھرتے دیکھیں گے۔
27 سالہ اداکارہ نے اپنی ڈاکیومنٹری کے حوالے سے بتایا کہ وہ ایک ڈاکیومنٹری پروجیکٹ بعنوان ’بحران کی صورتحال میں فطرت کا ردعمل‘ لکھ رہی ہیں جس میں وہ شہروں کے بننے سے زرعی زمین، جنگلات اور جانوروں کی پناہ گاہوں کے متاثر ہونے کو مضمون کا حصہ بنائیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسراء بلجیک نے پہلی مرتبہ پاکستان کے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اپنی حقیقی زندگی میں بھی حلیمہ سلطان کی طرح ہی حساس اور مضبوط ہیں۔
اسرا بلجیک نے کہا تھا کہ حلیمہ بھی بالکل اُن کی ہی طرح اپنے دل کی آواز سنتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی کبھی اپنے دماغ اور اقدار کو نظر انداز نہیں کرتی۔