• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

55 سالہ شہید پولیس افسر شاہد علی نے دہشتگردوں کو آگے بڑھنے سے روکا


کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 55 سالہ سب انسپکٹر شاہد علی شہید ہوئے، انہوں نے دہشت گردوں کو عمارت میں داخل ہونے سے روکے رکھا۔

پی ایس ایکس کی عمارت پر دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے تین سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ ایک پولیس سب انسپکٹر بھی شہید ہوئے۔

یہ سب انسپکٹر 55 سالہ محمد شاہد علی تھے جو 1966 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور 1987میں سندھ پولیس ایس آر پی یونٹ میں بطور سپاہی تعینات ہوئے، اس دوران انہوں نے تین محکمانہ کورسز بھی کیے تھے۔

سب انسپکٹر محمد شاہد علی کی ڈیوٹی کورٹ پولیس میں تھی، تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے نفری کی کمی کے سبب وہ ضلع جنوبی میں عارضی طور پر تعینات تھے۔

بعدازاں انہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بکتر بند میں تعینات کردیا گیا۔

پولیس سب انسپکٹر نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کیا اور انہیں آگے بڑھنے سے بھی روکا اور اسی دوران لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

محمد شاہد علی نے سوگواران میں بیوہ، تین بیٹے ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔

محمد شاہد علی کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی۔

تازہ ترین