• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کا دوہرا معیار، سیو غزہ نامنظور، بلیک لائیوز میٹر منظور

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کی جانب سے ایک قوم کی حمایت سے متعلق دوہرا معیار سامنے آگیا۔

آئی سی سی نے جارج فلائیڈ کی موت پر مظاہروں کی حمایت میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے لیے شرٹس پر بلیک لائیو میٹرز مہم کی حمایت کی اجازت دیدی۔

فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پیغام میں آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کی تصویر جاری کی۔

اس تصویر میں جیسن ہولڈر کی کی شرٹ کے کالر پر بلیک لائیوز میٹر لکھا ہوا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بلیک لائیوز میٹر کے لوگو والی شرٹ پہن کر ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔


واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت برطانیہ میں موجود ہے، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مدِ مقابل ہوگی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2014 میں انگلینڈ کے کھلاڑی معین علی نے فلسطینی قوم کی حمایت میں ’سیو غزہ‘ کا بینڈ پہن کر میچ کھیلا تھا۔

بھارت کے خلاف اس ٹیسٹ میچ کے دوران معین علی کے رسٹ بینڈ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد آئی سی سی نے انہیں فلسطینی قوم کی حمایت کو سیاسی رنگ دے کر انہیں بینڈ پہننے سے روک دیا تھا۔

اس وقت آئی سی سی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کونسل قوانین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچز کے دوران کپڑوں یا دیگر چیزوں پر سیاسی، مذہبی یا نسلی بیانات دکھانے سے روکتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے جو جلد ہی بلیک لائیوز میٹر کی مہم اختیار کر گئے جس میں کئی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔

تازہ ترین