• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان مسئلے کی بنیادی جڑوں کو ضرور ایڈریس کرنا چاہئے، تجزیہ کار

بلوچستان مسئلے کی بنیادی جڑوں کو ضرور ایڈریس کرنا چاہئے، تجزیہ کار 


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال اسٹاک ایکسچینج حملہ، دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ’را‘ ملوث، ڈی جی رینجرز، پاکستان کو عالمی سطح پر اس معاملے کو کیسے اٹھانا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کی بنیادی جڑوں کو ضرور ایڈریس کرنا چاہئے، پاکستان کو ٹھوس شواہد کے بغیر عالمی سطح پر اس معاملہ کو بھارتی دہشتگردی قرار نہیں دینا چاہئے۔مظہر عباس نے کہا کہ ایک ہفتے پہلے چینی قونصلیٹ پر دوبارہ حملے کا انٹیلی جنس الرٹ جاری کیا گیا تھا، اسٹاک ایکسچینج پر حملہ آور دہشتگرد وں کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے پچھلی دفعہ چائنیز قونصلیٹ پر حملہ کیا تھا،اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں کی ریکی مکمل نہیں تھی، پہلا دہشتگرد بائیں طرف پر جانے کے بجائے دائیں طرف چلا گیا، اگر وہ دائیں طرف جاتا تو سیدھا ہال کے اندر پہنچ جاتا جہاں بہت سے لوگ موجود تھے،دہشتگردوں کے پاس موجود سامان سے لگتا ہے کہ یہ اسٹا ک ایکسچینج میں گھس کر لوگوں کو مغوی بنا کر بیٹھنا چاہتے تھے، سندھ پولیس ریپڈ فورس کے لوگوں نے بہت نپے تلے انداز سے دہشتگردوں کو مارا ہے، ’را‘ کی سرپرستی میں ہونے والے اس حملے کو عالمی سطح پرا ٹھانے سے قبل ہمیں ٹھوس شواہد حاصل کرنا ہوں گے۔منیب فاروق کا کہنا تھا کہ ریپڈ رسپانس فورس کے دو جوانوں نے انتہائی نپے تلے انداز میں سرجیکل انداز میں دہشتگردوں کو مارا، اس سے سندھ پولیس کے بارے میں منفی تاثر زائل ہونے میں مدد ملے گی، پاکستان کو ٹھوس شواہد کے بغیر عالمی سطح پر اس معاملہ کو بھارتی دہشتگردی قرار نہیں دینا چاہئے۔حسن نثار نے کہا کہ پاکستانی وزارت خارجہ میں اعلیٰ درجہ کے پروفیشنل موجود ہیں جو بہتر جانتے ہیں اس معاملہ کو کیسے عالمی سطح پر ا ٹھایا جائے۔محمل سرفراز نے کہا کہ بھارت پاکستان کو اپنے ملک اور کشمیر میں دہشتگردی سے جوڑنے میں کامیاب رہا ہے پاکستان ابھی تک ایسا بیانیہ بنانے میں کامیاب نہیں رہا ہے، پاکستان کو اس حوالے سے عالمی میڈیا اور انٹرنیشنل فورمز پر اپنا بیانیہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین