• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فالکرک کونسل: کینال کے قریب تیر سے زخمی کی گئی بطخ برآمد

لندن(پی اے )فالکرک کونسل کے علاقے میں بونی برج کے پاس B816 میں کینال کے پاس ملنے والی ایک بطخ کو جسے تیر مار کر زخمی کردیاگیاتھا اس کے گہرے زخموں کی وجہ سے سلادیاگیاہے۔ایک شخص نے زخمی بطخ کو کینال کے قریب دیکھا تھا جو زخمی ہونے کے سبب پانی سے نکلنے کی کوشش کررہی تھی، وہ اسے ایک قریبی جانوروں کے معالج کے پاس لے کر گیا جس نے اس کو لگنے والے زخم کو شدید نوعیت کا قرار دیا ۔اسکاٹ ایس پی سی اے کو اس واقعے کے بعد الرٹ کردیاگیاہے اور اس واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے جانوروں کی بہبود سے متعلق فلاحی تنظیم کو اس صورت حال کے بارے میں کوئی یقینی بات معلوم نہیں ہے ،انسپکٹر اینڈریو گرے نے بتایا کہ ایک راہگیر نے ہماری توجہ بطخ کی جانب مبذول کرائی تھی جو بہت تکلیف میں معلوم ہوتی تھی اور پانی سے نکلنے کی کوشش کررہی تھی، اسے جانوروں کے ایک ڈاکٹر کے پاس لے جایاگیالیکن اس کا زخم بہت گہراتھا اور سلادینے کا تکلیف دہ فیصلہ کرنا پڑا، انھوں نے کہا کہ تیر کے حوالے سے اردگرد کی صورت حال کے بارے میں ہمیں کچھ معلوم نہیں ہے لیکن ہم اس کے ذمہ دار فرد کو تلاش کرنا چاہتے ہیں ،قانون کے تحت بطخ سمیت تمام چڑیوں کو تحفظ حاصل ہے اور انھیں مارنا یا زخمی کرنا کرمنل جرم ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم اسکاٹ لینڈ پولیس کے اپنے ساتھیوں کے تعاون سے اس معاملے پر کام کررہے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ کیا ہوا تھا۔فورتھ ویلی وائلڈ لائف افسر کانسٹیبل لائورا رابرٹ سن کا کہناہے کہ تفتیش جاری ہے اور ہم اس بارے میں معلومات رکھنے والوں سے اسکاٹ ایس پی سی اے سے رابطہ کرنے یا پولیس سے 101 پر رابطہ کرنے کی اپیل کررہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ ایک معصوم جانور کے ساتھ یہ سلوک انتہائی بہیمانہ اور ناقابل قبول ہے ہم اس بارے میں معلومات رکھنے والے لوگوں سے سامنے آنے اور رابطہ کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔

تازہ ترین