• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وی سی تقرر، لیاری یونیورسٹی کا تاخیر، جامعہ خیرپور کا وقت سے قبل اشتہار

کراچی(سید محمد عسکری) محکمہ بورڈز و جامعات نے ڈیڑھ سال کی تاخیر کے بعد شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر کی بھرتی کے سلسلے میں اشتہار جاری کردیا ہے جبکہ حیرت انگیز طور پر پہلی مرتبہ وائس چانسلر کی مدت ختم ہونے سے قبل شاہ لطیف یونیورسٹی خیر پور کے وائس چانسلر کی بھرتی کے سلسلے میں بھی اشتہار جاری کردیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ محکمہ بورڈز و جامعات ڈاکٹر پروین شاہ سے خوش نہیں تاہم حیرت انگیز طور پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد، یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سکرنڈ، بیگم نصرٹ بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر کی بھرتی کے اشتہار ہی نہیں دئیے جارہے ہیں ان تینوں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کے عہدے ڈیڑھ سال سے خالی پڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈیڑھ برس قبل حیدرآباد میں پہلی سرکاری یونیورسٹی بنائی مگر وہاں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ سندھ کے سابق پرنسپل سیکرٹری کی سفارش پر ایک سال سے کالج پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین شیخ قائم مقام وائس چانسلر بنا ہوا ہے اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر خود کو قائم مقام کے بجائے بانی وائس چانسلر لکھوایا ہوا ہے۔ اس کا اشتہار اس لئے نہیں دیا جارہا کہ کالج پروفیسر وائس چانسلر کے عہدے کا تجربہ حاصل کرکے اہل ہوجائیں۔ سکھر ویمن یونیورسٹی میں بھی طویل عرصے سے مستقل وائس چانسلر نہیں پہلے بھٹ شاہ یونیورسٹی کی وی سی ڈاکٹر پروین منشی کو اضافی چارج دیا گیا لیکن گزشتہ سال ضیاء الدین یونیورسٹی کی سابق ڈین آف انجینئرنگ ڈاکٹر ثمرین حسین کو سکھر ویمن یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا۔

تازہ ترین