• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھوکا دیاگیا، بجٹ سرپلس ہے پھر تنخواہیں، پنشن کیوں نہیں بڑھیں، اپوزیشن کا وائٹ پیپر

لاہور( این این آئی ) اپوزیشن نے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ اورحکومت کی کارکردگی کے حوالے سے 11صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ چلی والاوژن رکھنے والوں نے صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا اس لئے وزیراعلیٰ بزدارکابینہ سمیت مستعفی ہو جائیں ‘قوم کے ساتھ بجٹ میں دھوکا کیاگیا‘اگر سر پلس بجٹ ہے تو پھر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میںاضافہ کیوں نہیں کیا گیا۔ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی لائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خان نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ ، ملک احمد خان، چوہدری اقبال گجر اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وائٹ پیپر جاری کیا ۔رانا مشہود نے کہا کہ موجودہ حکومت پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو فنڈز نہیں دے سکی ،صحت کے بجٹ کو 50فیصد کا کٹ لگایا گیا ،عوام دشمن حکومت نے بجٹ میں عوام سے مذاق کیا،بجٹ ٹیکس فری نہیں ہے 200فیصد ٹیکس پہلے ہی عوام پر لگادیاگیا، پنجاب کی گلیوں سڑکوں اور دیہاتوں میں لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکومت کو کوس رہے ہیں ‘ دو سالوں میںایک بھی عوامی منصوبہ نظر نہیں آ رہا ،حکومت کو چیلنج ہے کہ ایک بھی منصوبہ بتا دے‘ انڈوں کٹوں کی پالیسی والے بتائیں صوبے میں کتنے فارمزبنائے ‘سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم میں جھوٹے لوگ ہیں‘آٹا ،چینی ،گندم پیٹرول کی مد میں عوام کو چونا لگایا۔قوم کو اکٹھا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔پنجاب بھر میں وائی فائی فری اورلیپ ٹاپ دوبارہ دیئے جائیں ۔ بد قسمتی سے قوم 2018 کے انتخابات کا خمیازہ بھگت رہی ہے ۔ملک محمد احمدخان نے کہا کہ تعلیم کے بجٹ میں 61ارب روپے کا کٹ لگایاگیا ،اب تعلیم کیلئے کیا کریں گے ‘آ پ نے پچاس لاکھ گھر بنانے ہیں لیکن اس بجٹ کے ساتھ کون سا الہ دین کا چراغ ہے جس سے مکانات بنائیں گے‘وزیر اعظم کو چیلنج کرتاہوں ٹائیگر فورس کوئی کام نہیں کرے گی۔پنجاب کو وفاق سے کنٹرول کیاجارہاہے ۔سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی لائیں گے ‘ تبدیلی بہت جلد آئے گی ۔ کرونا نہ ہوتا تو سڑکوں پر آ گئے ہوتے ،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بجٹ کو مسترد کرتی ہے‘یہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔

تازہ ترین