• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین انکے رازجانتا ہے اس لئے باہر جانے دیا، خواجہ آصف


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں ن لیگ کے سنیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین ان کے راز جانتا ہے اس لئے اسے باہر جانے دیا،سنیئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ وزیراعظم کو احساس ہوگیا ہے کہ قومی اسمبلی میں ان کی اکثریت خطرے میں ہے۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کے ایک دعوے نے دنیا بھر میں پاکستانی پائلٹس کو متنازع بنادیا ہے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بات ہر مسلمان کو کرنی چاہئے، عمران خان ہو یا کوئی اور میں کسی کے ایمان پر شک نہیں کرسکتا، میں نے امریکی سرزمین پر امریکا کے بارے میں جو کہاعمران خان اس کی جرأت بھی نہیں کرسکتے۔

عمران خان آج ہی نہیں پندرہ بیس سال پہلے بھی طالبان کی حمایت کرتے تھے مگر اب لبرل بن گئے ہیں، عمران خان نے ہندوستان کو خوش کرنے کے لئے جوتے رگڑے ، ہندوستان کا رویہ نہ بدلا تو ان کے پاس اس کیخلاف کھڑے ہونے کے علاوہ چوائس نہیں تھی، عمران خان نے پہلے سال جس طرح سرینڈر مودی کو مس کالز کیں وہ تاریخ کا حصہ ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان ان چیزوں کا کریڈٹ لیتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت نے پچھلے ایک سال میں مسئلہ کشمیر کا بیڑہ غرق کردیا، کشمیر پر ہماری بڑی قربانیاں ہیں لیکن عمران خان نے اس پر سرینڈر کردیا، انہوں نے ہندوستان کو سلامتی کونسل کی غیرمستقل نشست کیلئے 184ووٹ دلوائے، حکومت کم ازکم کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی مدد توکرے، ہر جگہ مسلمانوں کا تحفظ ریاست مدینہ کی کمٹمنٹ تھی ہم کشمیری مسلمانوں کیلئے آوا ز نہیں اٹھارہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی اپنی انکوائری رپورٹ میں چینی مافیا کاسربراہ جہانگیر ترین کو قرار دیا گیا جسے انہوں نے بھگادیا، جہانگیر ترین ان کے راز جانتا ہے اس لئے اسے باہر جانے دیا، یہ جہانگیر ترین کی مخالفت کر کے دیکھیں وہ ان کے کپڑے اتار دے گا، چینی انکوائری رپورٹ کے مطابق حکومت ایکشن کیوں نہیں لے رہی ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کا شائع ہونا قانون کے تحت لازم تھا، ن لیگ نے 2017ء میں تمام کمیشنوں کی رپورٹ پبلک کرنے کیلئے قانون بنایا تھا۔

پی ٹی آئی نے بی آر ٹی، مالم جبہ اور فارن فنڈنگ پر اسٹے کیوں لیا ہوا ہے، یہ سب ڈکیتیاں ہیں جس کے خلاف انہوں نے اسٹے لیا ہوا ہے، عمران خان فارن فنڈنگ کیس ، بی آر ٹی کا سامنا کیوں نہیں کرتے،ہم جے آئی ٹی، کمیشنوں اور عدالتوں کے سامنے پیش ہوئے یہ بھی پیش ہوں۔

نوازشریف وزیراعظم کی حیثیت سے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتے رہے، عمران خان میں اتنی جرأت نہیں کہ وزیراعظم کی حیثیت سے اسمبلی میں آجائے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے نہ مشرف سے این آر او مانگا تھا نہ اب کسی سے مانگا ہے، نواز شریف کو واپس آنے کی اجازت سپریم کورٹ نے دی تھی۔

نواز شریف اوران کی بیٹی نے جیل بھگتی ہے حمزہ شہباز ابھی بھی جیل میں ہے، میں پچھلے دو سال سے نیب جارہا ہوں کبھی اس کی بات نہیں کرتا، میری نااہلی سپریم کورٹ نے ختم کی تھی اسے سلام پیش کرتا ہوں، بجٹ منظور کرنے کیلئے حکومت کے پاس سادہ اکثریت نہیں تھی۔

وقت آنے پر بتاؤں گا کس طرح 160ووٹ اکٹھے کیے،انہوں نے کووڈ کے مریض اسٹینڈ بائی پر رکھے ہوئے تھے کہ نمبرز پورے نہیں ہوں تو انہیں اسمبلی میں لے آئیں، وزیراعظم کے عشایئے میں لوگوں کو منت کر کے بلایا گیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان پچھلے سات آٹھ سال سے ثبوتوں کی بات کررہے ہیں پیش کیوں نہیں کرتے، عمران خان باتوں کے بجائے قرضہ کمیشن کی رپورٹ پبلک کرے، عمران خان کو سمجھ نہیں ہے لوگ جو بتاتے ہیں اس پر یقین کرلیتے ہیں، جو لوگ عمران خان کو یہ باتیں بتاتے ہیں جس دن اقتدار گیا وہ ان کا ٹیلیفون نہیں اٹھائیں گے۔

عمران خان لوگوں کو پہچانیں اور منتخب لوگوں کو آگے لائیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر ہماری قرارداد پر تمام حکومتی اتحادیوں اور پی ٹی آئی کے ایک رکن کے بھی سائن ہیں۔

پاکستان میں سب سے زیادہ نجکاری ن لیگ نے کی ہے، خسارے میں چلنے والے پبلک سیکٹر اداروں کی نجکاری کا بڑا حامی ہوں، ان اداروں کی نجکاری اس وقت کی جائے جب مارکیٹ ٹھیک ہو، ایوی ایشن انڈسٹری گھٹنوں کے بل گری ہوئی ہے، اس وقت پی آئی اے کی نجکاری یا اپنے ہوٹلزبیچنے جائیں گے تو کچھ نہیں ملے گا۔

تازہ ترین