لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پولیس حراست میں تشدد اورہلاکت کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بچوں اور خواتین کے ساتھ پیش آنے والے جرائم بالخصوص زیادتی کے واقعات کا خاتمہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب نے جرائم کنٹرول کرنے میں صوبہ بھر میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ڈی پی او جھنگ سردار غیاث گل کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا جبکہ فیصل آباد کے 4تھانوں کو آئی ایس او رسرٹیفیکیشن پر سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا کہا ۔ آئی جی پنجاب نے اشتہاریوں کی گرفتاری میں اچھی کارکردگی دکھانے پر ڈی پی او اوکاڑہ عمر سعید ملک اورڈی پی او قصورزاہد نواز مروت کو شاباش دی۔انہوں نے مزیدکہاکہ دھاتی دورو پتنگوں کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال میں ملوث ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں ۔ اضلاع کی باقاعدہ انسپکشن کرنے پرآر پی او ملتان وسیم سیال کو شاباش دی ، علاوہ اہم کیسز کی تفتیش بھی انہیں سونپی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ، وال چاکنگ اور نفرت انگیز موادکی نشر و اشاعت کے خلاف کاروائی میں قطعی رعائیت نہ برتی جائے ۔