کراچی کے علاقے گارڈن میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہوگئی، جاں بحق افراد حب سے گارڈن آئے تھے۔
پولیس کے مطابق گارڈن میں کشتی چوک کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے سفید رنگ کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے وقت کار میں 2 مرد اور 3 خواتین موجود تھیں، فائرنگ سے دونوں مرد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 45 سالہ مجیب الرحمان اور اس کا 25 سالہ بھتیجا انس شامل ہیں، فائرنگ سے مجیب الرحمان کی بیوی کلثوم زخمی ہوئی۔ کار سوار افراد کا تعلق بلوچستان کے علاقے حب سے تھا، جو کار کا پیچھا کرتے ہوئے آرہے تھے۔ کار میں سوار تین خواتیں میں دو مجیب الرحمان کی بیویاں اور ایک سالی تھی۔
مجیب الرحمان کی بیوی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ حب میں مدرسہ چلاتا تھا۔ پولیس نے واقعہ کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔