کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے کہا ہے کہ کےالیکٹرک کی جانب سے کیبل آپریٹرز کے مالی نقصانات برداشت نہیں کریں گے، اب اگر کے الیکٹرک کی جانب سے کیبل آپریٹرز کی تاریں کاٹی گئيں تو کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال کی جائے گی۔
کیبل آپریٹرز کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے خالد آرائیں نے مطالبہ کیا کہ کیبل آپریٹرز کے لیے مافیا کا لفظ استعمال کرنا قابل مذمت سمجھتے ہیں، کے الیکٹرک فوری اپنے الفاظ واپس لے، کیبل آپریٹرز پیمرا کے لائسنس ہولڈر ہیں مکمل قانونی حثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کورونا کی صورتحال میں کیبل کی تاریں کاٹ کر عوام کو خبروں سے دور رکھنے کا کیا مقصد ہے۔
خالد آرائیں نے کہا کہ ملکی صورتحال کو سمجھتے ہوئے کے الیکٹرک کیبل آپریٹرز کے ساتھ تعاون کرے ورنہ کیبل آپریٹر اپنا احتجاج ریکارڈ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔