• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن بے قصور پابند سلاسل، جرم ثابت نہ ہوسکا، مقررین

میر شکیل الرحمٰن بے قصور پابند سلاسل، جرم ثابت نہ ہوسکا، مقررین 


کراچی / لاہور (اسٹاف رپورٹر / نمائندہ جنگ) جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف اتوارکےروز بھی لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ان کی رہائی کیلئے نعرے لگائے گئے جبکہ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق صدر فیصل شیخ نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن جلد باعزت رہا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اتوارکےروز بھی لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافی شاہین قریشی، مقصود بٹ، ظہیر انجم ،اویس قرنی،جنگ ورکرز یونین کے سیکریٹری محمد فاروق، عزیز شیخ،محمد شفیق، منور حسین، محمد علی ، وہاب خانزادہ،اکمل بھٹی،محمد سرفراز، افضل عباس اور جنگ اور جیو گروپ کے کارکنوں اور ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن بے قصور پابند سلاسل ہیں۔ہم ایڈیٹر انچیف سے بھر پور اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔اس موقع پر میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لئے نعرے بھی لگائے گئے۔ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق صدر فیصل شیخ نے کہا ہے کہ میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری ہی اس حکومت کے دھڑن تختہ کا باعث بنے گی، میرشکیل الرحمٰن اس حکومت کے خاتمے کا ایک فلش پوائنٹ بنے گے، اگر کورونا وائرس نہیں ہوتا تو اس حکومت کے گن گنے جاچکے تھے، میں سمجھتا ہو کہ میرشکیل الرحمان بھی جلد رہا ہوں گے ان کی گرفتاری حکومت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ بن کر ہمیشہ سجا رہے گا۔ علاوہ ازیں عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ میڈیا ہاؤسز پر بھی مختلف بہانے بنا کر پابندیا لگائی جارہی ہیں پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ ، جیو ، جنگ، آواز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو غیر قانونی قید میں رکھے3 ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا لیکن ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہو سکا ، رہا کیا جائے۔

تازہ ترین