• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی سرپرستی میں مافیا پل رہے ہیں: خواجہ آصف


سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت کی سرپرستی میں مافیا پل رہےہیں، گردشی قرضہ دگنا ہوگیا، بجلی مہنگی ہوتی جارہی ہے، چینی اور آٹا مہنگے ترین داموں پر دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر جتنے وعدے کیے گئے عوام کو سب یاد ہیں، حکومت نے دو سال میں عوام کو جہنم میں دھکیل دیا، نون لیگ انہیں نجات دلائے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی ہماری ضرورت سے وافر مقدار میں موجود ہے، آج گردشی قرضہ 21 سو ارب روپے ہے، ہم نےفرنس آئل سے بجلی کی طلب بہتر کرنے کے لیے تین آر ایل این جی پلانٹس لگائے، بجلی کی قلت معیشت کے برے حالات میں اور اضافہ کررہی ہے۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں بجلی کے اتنے منصوبے نہیں لگے جتنے ہمارے دور میں لگے، تحریک انصاف کے شروع کیے گئے منصوبے آج مقبرے بنے ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کو بے نقاب کرتے رہیں گے، حکومت کو اپنی صفوں میں موجود لوگوں کی کرپشن نظر نہیں آتی، ان کی اپنی صفوں میں سب حاجی بنے ہوئے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نالائق، نااہل اور ناتجربہ کار حکومت کے ہاتھوں پاکستان کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، بنگلادیش اور نیپال کی معیشت کے بعد افغانستان کی کرنسی بھی ہم سے آگے جارہی ہے، جعلی لائسنس والے اس پائلٹ کو نکالنا ضروری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ انرجی ، فوڈ اور واٹر سیکیورٹی ہمارا 2025 کا منصوبہ تھا، سی پیک کا پہلا مرحلہ انفرااسٹرکچر کا منصوبہ تھا، وزیر ا عظم عمران خان مسلم لیگ نون کے منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں۔

تازہ ترین