• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی 32 رکن ممالک کو پاکستانی پائلٹس گراؤنڈ کرنے کی سفارش


یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایسا) نے 32 رکن ممالک کو پاکستانی پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کی سفارش کردی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کی یورپ آمد پر چھ ماہ کی پابندی کے بعد اب یورپی یونین کے مزید سخت اقدامات سامنے آگئے۔

ایسا کی جانب سے رکن ممالک کو ایک اور میمو ارسال کردیا گیا، جس میں پی آئی اے کے خلاف سخت پابندیاں لگانے اور اس پر فوری عملدرآمد کی سفارش کی گئی ہے۔

7 جولائی کو جاری کیے جانے والے تازہ میمو میں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے تمام رکن ممالک سے پاکستانی لائسنس یافتہ پائلٹس کو کام سے روکنے کی سفارش کی ہے اور ان سے تمام پائلٹس کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

ایسا نے اپنے رکن ممالک سے کہا ہے کہ جیسا کہ آپ کے علم ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے 40 فیصد لائسنسز کے اجرا میں بہت زیادہ بے ضابطگیوں کی شکایات منظرِ عام پر آئی ہیں جو باعث تشویش ہے۔

میمو میں کہا گیا کہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی اپنے 32 اراکین کو مطلع کرتی ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے جاری کیے جانے والے لائسنسز پر کام کرنے والے پائلٹس کو معطل کردیں اور آپ کی آرگنائزیشن میں اگر کوئی پاکستانی لائسنس یافتہ پائلٹ کام کر رہا ہے تو اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور ان پائلٹس کو فضائی آپریشن میں کام کرنے سے روک دیا جائے۔

تازہ ترین