• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیشتر افراد اپنی زیادہ کھانے کی عادت سے متعلق پریشان ہوتے ہیں اور اس عادت کی وجہ سے نظام ہاضمہ کی شکایت سے بھی دوچار نظر آتے ہیں، کھانا کھانے کی عادات میں چند تبدیلیاں لا کر وزن میں کمی سمیت معدے کی بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق بڑے نوالے لینے اور ایک وقت میں زیادہ کھانے سے بد ہضمی کی شکایت، موٹاپا سمیت معدے سے متعلق بیماریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، انسانی مجموعی صحت معدے سے جڑی ہوئی ہے، مثبت اور کم غذا لینے سے جسم کے دیگر اعضاء کی کارکردگی بہتر ہوتی ہےاور آپ خود کو متحرک اور ہلکا محسوس کرتے ہیں جبکہ غذا کی زیادتی معدے سمیت جسم کے دیگر اعضاء پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہے ۔

ماہرین کے مطابق غذا انسانی جسم کے لیے فیول کا کام کرتی ہے ، ہمیشہ صحت مند اور مناسب مقدار میں غذا لینی چاہیے ، اچھی صحت کے لیے مرغن، میٹھی، جنک اور ڈبے میں محفوظ غذاؤں سے پرہیز کرنا بہت ضروری ہے ۔

ماہرین کی جانب سے زیادہ کھانے ( اوورایٹنگ) سے بچنےکے لیے تجویز کردہ 3 مشورے مندرجہ ذیل ہیں :

ٹانگیں فولڈ کر کے بیٹھ کر کھانا( Sit crossed leg)

ماہرین کے مطابق کم از کم دن میں ایک وقت کا کھانا کھاتے ہوئے زمین پر بیٹھ کر ٹانگیں فولڈ کر کے بیٹھ کر کھانا کھائیں، اس طرح بیٹھنے سے خون کی ترسیل کا عمل تیز ہو جاتا ہے اور براہ راست اس کا فائدہ معدے کو ہوتا ہے ، یہ عمل نظام ہاضمہ کو درست کرتا ہے ۔

کھانا خاموشی میں کھائیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا کھاتے ہوئے باتوں اور ٹی وی دیکھنے سے پر ہیز کریں، خاموشی سے کھانا کھاتے ہوئے دھیان سارا کھانے کی طرف ہوتا ہے جس کے سبب آپ خود کو سیر ہونے سے پہلے روک سکتے ہیں، کھانے کے دوران باتیں کرنے اور ٹی وی دیکھنے سے دھیان بٹ جاتا ہے جس کے نتیجے میں کھانا زیادہ کھا لیا جاتا ہے اور اس بات کا احساس بعد میں بد ہضمی کی صورت میں ہوتا ہے ۔

کھانا کھاتے ہوئے ساری توجہ اپنی غذا پر دیں ۔

آہستہ آہستہ کھائیں

غذا ہمیشہ چبا چبا کر اور آہستہ آہستہ کھائیں، جلدی اور بڑے نوالے کھانے سے معدے کو غذا ہضم کرنے میں زیادہ وقت لگتا ہے، جلدی جلدی کھانے سے غذا ضرورت سے زیادہ کھا لی جاتی ہے جس کے نتیجے میں جسم میں چربی جمنا شروع ہو جاتی ہے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک نوالے کو زیادہ چبائیں اور جب تک منہ سے غذا ختم نہ ہو جائے دوسرا نوالہ منہ میں نہ ڈالیں ۔

تازہ ترین