• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس


پاکستان میں رواں سال 58 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ میں 20، کے پی کے میں 21، بلوچستان میں 14، پنجاب میں 3 کیسز سامنے آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت، وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابھی بھی کراچی کے 8 ٹاؤن میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت ہیں،  ان علاقوں میں سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ اور صدر ٹاؤن، چکورہ نالہ، گلستان ٹاؤن کا راشد منہاس، بلدیہ میں محمد خان کالونی، بن قاسم ٹاؤن کا بختاور گوٹھ شامل ہیں۔

اجلاس میں پولیو سے متعلق بریفنگ دی کہ سائٹ میں اورنگی نالہ، کورنگی ٹاؤن میں کورنگی نالہ شامل ہیں،  لیاقت آباد ٹاؤن میں حاجی مرید گوٹھ اور صدر ٹاؤن میں ہجرت کالونی شامل ہیں، سکھر سٹی، نیو سکھر، جیکب آباد، حیدرآباد، دادو اور قمبر سے بھی پولیو کے نمونے مثبت آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پولیو مہم مارچ سے رک گئی ہے، ٹرانزٹ پوائنٹس پر جو پولیو کی ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہر ماہ 7 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی ہے، جولائی سے پولیو ویکسین کی سرگرمیاں شروع کی جائے، ڈبلیو ایچ او کی گائیڈلائن کے مطابق پولیو ورکرز کو کٹ پہنائی جائیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 5 موبائل ویکسی نیشن گاڑیاں کراچی کے خطرناک علاقوں میں رکھی گئی ہیں، کراچی کی 154 یونین کونسلز میں اسپیشل موبائل ٹیموں کے ذریعے پولیو ویکسین کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی کی 34 یونین کونسلوں میں کمیونٹی بیسڈ ویکسی نیشن کروائی جائے گی اور ضلع جنوبی اور ضلع ملیر میں ایمرجنسی ریسپانس یونٹ بھی قائم کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے  آئی جی پولیس کو پولیو ٹیموں کو ضروری سیکیورٹی دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولیو ورکرز نے کورونا وائرس میں بھی بہت سپورٹ کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں مل کر پولیو سے جان چھڑانی ہے۔

تازہ ترین