• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنٹی کرپشن نے اینٹی کرپشن کو میرے پیچھے لگایا: حلیم عادل شیخ

آنٹی کرپشن نے اینٹی کرپشن کو میرے پیچھے لگایا: حلیم عادل شیخ


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ہم نے اومنی گروپ کے خلاف ریلی نکالی تو انہوں نے اینٹی کرپشن کو میرے پیچھے لگا دیا، آنٹی کرپشن نے اینٹی کرپشن کو میرے پیچھے لگایا۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے ہمراہ حلیم عادل شیخ نے کراچی میں پریس کانفرنس کی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نیب میں ان لوگوں کی پیشی ہو تو لاٹھی لے کر آتے ہیں، بعد میں جاگنگ کرتے نظر آتے ہیں، نیب کے کل کے نوٹس میں منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے، پھولن دیوی کے کہنے پر مجھے سلطانہ ڈاکو بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تحقیقاتی ادارہ بلائے تو جانا چاہیے، ہمیں نیب کی طرف سے نوٹس بھی نہیں ملا ، کراچی کے مضافات میں ہزاروں ایکڑ زمین لیز پر دی جاتی تھی، ان کے دور میں بھتہ لیا جاتا تھا ہم نے بھتہ نہیں دیا، ہم نے کہا کہ جو سرکاری فیس ہے وہ ہم سے لے لیں۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ ایک تعلقے میں سیکڑوں افراد نے ہوٹل، پیٹرول پمپ، سیمنٹ فیکٹری اور فارم ہاؤس بنا رکھے ہیں، اینٹی کرپشن میں 14 مقدمےدرج ہیں، مگر کارروائی نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی ایف آئی آر نہیں بنتی، کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ورنہ مقدمہ ہوتا، اینٹی کرپشن نے میرے خلاف جھوٹ کا پلندہ بنا دیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی شکایت پر نیب نے کارروائی شروع کی، نیب نے اب تک نہیں بلایا، جب بلائیں گے تو میں ضرور جاؤں گا، نیب کے کل کے نوٹس میں منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: نیب کا حلیم عادل شیخ کیخلاف انکوائری کا آغاز

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج فشری کی صورتِ حال نثار مورائی سے زیادہ خطرناک ہے، فشریز میں غیر قانونی طور پر چیئرمین بیٹھا ہوا ہے، وہاں 100 فیصد کرپشن ہو رہی ہے، وہاں ایک ارب 80 کروڑ روپے آئے جو کرپشن کی نذر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملیر میں انہوں نے ہزاروں ایکڑ زمین جعلی چالان پر لیز کر کے دی، ملیر میں زمین پر قبضے میں پی پی رہنما شریک ہیں، ملیر میں جو کچھ ہوا اس پر ایک جے آئی ٹی بنائی جائے۔

حلیم عادل شیخ نے یہ بھی کہا کہ مراد علی شاہ کو اداروں کے سامنے پیش ہونا چاہیے، اینٹی کرپشن کو انہوں نے استعمال کیا ہے، میڈیا میں منی لانڈرنگ اور چائنہ کٹنگ چلایا گیا، ٹھٹھہ میں مائنز میں غیر قانونی لیز دی گئی ہیں، انہوں نے کوڑیوں کے داموں غیر قانونی زمینیں بانٹیں۔

تازہ ترین