• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

LNG درآمد میں تاخیر لوڈ شیڈنگ کی اصل وجہ، مریم اورنگزیب

LNG درآمد میں تاخیر لوڈ شیڈنگ کی اصل وجہ، مریم اورنگزیب 


لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار وزیر اعظم کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایل این جی درآمد میں تاخیر لوڈ شیڈنگ کی اصل وجہ ہے۔عمران خان نے 2 سال میں جو کیا ہے اس پر استعفیٰ تو بنتا ہے۔ اتوار کو بیان میں انہوں نے کہاکہ ایل این جی کی درآمد میں حکومت کی تاخیر، سستی اور مجرمانہ لاپرواہی پہلی دفعہ نہیں ہوئی ہے ، پہلے بھی ایسا متعدد مواقع پر ہوچکا ہے۔ فرنس آئل کی قلت کے سبب مقامی ریفائنریاں بند ہوچکی ہیں ۔ ملک میں قلت پیدا کرنے کے بعد حکومت درآمد کرتی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ لوڈشیڈنگ دراصل حکمرانوں کے دماغ میں جاری ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران صاحب کراچی الیکٹرک کو گیس کی فراہمی کے لئے ایس ایس جی سی ایل کو بروقت ہدایت کیوں نہیں دی؟ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب حکومتی سطح پر بدترین بدانتظامی اور نااہلی کا دور دورہ ہے جس کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پرجاری پیغام میں کہاہے کہ عمران صاحب!2 سال کی کارکردگی پر استعفیٰ دیں اورگھرجائیں ،قوم بھی یہی مطالبہ کررہی ہے کہ کارکردگی دکھا ؤورنہ گھرجاؤ۔

تازہ ترین