پاکستان میوزک انڈسٹری کی مقبول ترین اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے تُرک فنکاروں کے ساتھ مل کر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
13جولائی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر حدیقہ کیانی نے تُرک فنکار علی ٹولگا ڈیمرٹاس اور ٹورگی ایورین کے ساتھ مل کر خصوصی گانا جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
حدیقہ کیانی اور تُرک فنکاروں کا یہ گانا تین مختلف زبانوں میں جاری کیا گیا ہے جن میں اُردو، ترکش اور کشمیری زبان شامل ہے جبکہ گانے کا دورانیہ 3 منٹ 37 سیکنڈز ہے۔
گانے کی ویڈیو میں شہدائے کشمیر کی تصاویر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم کو دکھایا گیا ہے۔
اِس گانے کو حدیقہ کیانی نے ابھی تک اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ نہیں کیا ہے بلکہ گانا ’کشمیر سیویتاس‘ نامی یوٹیوب چینل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حدیقہ کیانی نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں گانے کی لنک شیئر کی ہے۔
اِس سے قبل حدیقہ کیانی نے انسٹاگرام پر گانے کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے گانےکی کچھ معلومات سے آگاہ کیا تھا۔
حدیقہ کیانی نے لکھا تھا کہ ’13جولائی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر میرا گانا ریلیز کیا جائے گا جو میں نے ترک فنکاروں کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے۔‘
گلوکارہ نے بتایا تھا کہ ’یہ گانا اُردو، ترکش اور کشمیری زبان میں تیار کیا گیا ہے اور میں جلد ہی اس نئے گانے کا لنک پوسٹ کروں گی۔‘
اُنہوں نے کشمیریوں کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میری دُعا ہے کہ کشمیری عوام آزادی، امن اور سکون سے رہیں۔‘