• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد سعید کا بلاول بھٹو کو مناظرے کا چیلنج


وفاقی وزیر مواصلات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بوکھلا گئے ہیں، کورونا کے دوران سندھ حکومت بلاول کے والد کی کرپشن چھپانے میں لگی رہی۔ بلاول کی جانب سے وزیراعظم کو مناظرے کے چیلنج کے روایتی ردعمل کے طور پر مراد سعید نے بلاول کو مناظرے کا چیلنج دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید کا کہنا تھا کہ کورونا میں سب سے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ سندھ حکومت نے ہی کیا ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ وبا آئی تو تمام حکومتیں عوام کو محفوظ بنانے، سندھ حکومت ان کے والد کی کرپشن بچانے میں لگی رہی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ نے جن غریبوں کا مال چھینا عمران خان نے احساس کے ذریعے ان کی مالی مدد کی۔

انھوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز سے لیکر ٹیسٹنگ کٹس تک وفاقی حکومت نے صوبوں خصوصاً سندھ کو دیں۔

یہ بھی پڑھیے:کورونا ٹیسٹنگ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے، بلاول

مراد سعیدکا کہنا تھا کہ آپ کی جماعت نے صوبے کو کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ سندھ کے عوام کو آپ کے رحم و کرم پر کیسے چھوڑا جاسکتا تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے بتایا کیسے ان کی جماعت نے ان کے والد کی سرپرستی میں دہشتگردوں کی سرپرستی کی۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اِن کا اوڑھنا بچھونا کرپشن ہے اور یہ ہمیں کرپشن کا طعنہ دے رہا ہے۔

مراد سعیدنے کہا کہ کلفٹن کا بنگلہ کس پیسے سے بنا؟ اخبارات و میڈیا چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سندھ کی آزمائش کا وقت ختم ہوا، آئندہ یہ مسلط نہیں ہوں گے، چوری کی ایک ایک دمڑی وصول کریں گے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ سیاست کو کرپشن جیسی ناپاکی سے پاک کریں گے۔

کورونا وبا کے دوران حکومتی کارکردگی پر مراد سعید کا کہنا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے والے ممالک میں پاکستان ایشیا کا سرفہرست ملک ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا، آج ساری دنیا اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل پیرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو دکھ ہے کہ کورونا سے نہ پاکستانی معیشت برباد ہوئی، نہ زیادہ اموات ہوئیں۔

انھوں نے کہا کہ مخالفین کو چور ڈاکو اس لیے کہتے ہیں کہ ان کے خلاف جے آئی ٹی رپورٹ بنی ہوئی ہیں۔

تازہ ترین