• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر مافیا کو اطمینان ہے ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں ہوگا، شمس الاسلام


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں ماہراجناس شمس الاسلام خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اب بھی شوگر ملزمافیا کیخلاف ایکشن نہیں لیا تو ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوگی،سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ تمام سیاسی و ریاستی قوتیں ایک صفحہ پر ہوئیں توپنجاب میں تبدیلی مشکل نہیں ہوگی۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ عذیر بلوچ کے پاس آصف زرداری کی مخالفت کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ ماہراجناس شمس الاسلام خان نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں جولائی کی ابتداء سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے، شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ میں ہر چیز کھول کر بیان کردی گئی مگر اس پر کوئی ایکشن نہیں ہوسکا، حکومت جانتی ہے کہ کہاں گڑبڑ ہورہی ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں لے رہی ہے۔

شوگرمافیا کو اطمینان ہے کہ ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں ہوگا اسی لئے وہ ناجائز منافع خوری جاری رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم نے اب بھی شوگر ملزمافیا کیخلاف ایکشن نہیں لیا تو ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوگی۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان کے کیمپ میں بھی احساس ہے کہ موجودہ سیٹ اپ کے ساتھ پنجاب میں اچھے معاملات نہیں رہیں گے، تمام سیاسی و ریاستی قوتیں ایک صفحہ پر ہوئیں توپنجاب میں تبدیلی مشکل نہیں ہوگی۔

وزیراعظم وفاقی کابینہ کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرچکے ہیں، وزیراعظم نے کابینہ کو کارکردگی دکھانے کیلئے چھ ماہ دیئے ہیں۔

تازہ ترین