اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے سے متعلق حکومتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید موثراور جامع حکمت عملی کے لئے روڈ میپ پرمبنی پلان طلب کرلیا اور کہا ہے کہ عوام ہائوسنگ شعبے میں 31 دسمبر تک جتنی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں کریں۔
ہم ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں ماضی کے حکمرانوں کی ناقص پالیسوں سے ادارے تباہ ہوئے ہیں مگر ہم اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں ‘کورونا کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔
عیدالاضحی پر ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالہ سے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کادوسرے اجلاس سے خطاب ‘گورنرپنجاب چوہدری سروراوروفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کا دوسرا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔
اجلاس میں تعمیراتی شعبہ کے لئے حکومت کی طرف سے اعلان کردہ حالیہ مراعاتی پیکج پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پروجیکٹ صرف اسی سال کے لیے رکھا ہے، تعمیرات میں جو بھی سرمایہ کاری کرے گا اس سے پوچھ گچھ نہیں ہوگی۔