• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارش کے بعد جلدی امراض میں اضافے کا خدشہ

ماہرین امراض جلد نے شہر میں بارش کے بعد جلدی امراض میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صفائی کا خاص خیال رکھیں، صاف پانی زیادہ پئیں، صاف کپڑے پہنیں، دن میں ایک سے دو بار غسل کریں اور خود کو گرمی سے دور رکھیں تاکہ ان امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

جنگ سے گفتگو میں معروف ماہرامراض جلد ڈاکٹر عماد کرمانی نے بتایا کہ بارشوں کے بعد جلدی امراض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے اور زیادہ تر وہ مریض آتے ہیں جنہیں فنگس اور بیکٹیریل انفیکشن ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش سے قبل شدید گرمی کے باعث شہریوں کو گرمی دانے ہو رہے ہیں، جس میں اضافے سے انفیکشن ہو جاتاہے اور انفیکشن میں اضافے سے پھوڑیاں نکل آتی ہیں۔

ماہر امراض جلد نے مزید کہا کہ بارش اور ہیومیڈٹی سے فنگس کا مرض بھی بڑھ جاتا ہے، جو ایک سے دوسرے کو منتقل ہوتاہے اور اس کا علاج 6 ہفتوں تک جاری رہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری صرف ایک ہفتے کی دوا لے کر چلے جاتے اور مکمل علاج نہیں کراتے، جس سے یہ مرض ان کے گھر کے دیگر افراد کو بھی لگ جاتا ہے۔

ڈاکٹر عماد کرمانی نے یہ بھی کہا کہ یہ جلدی امراض قابل علاج ہیں اور مرہم اور ادویات کے استعمال سے ٹھیک ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں، صاف کپڑے پہنیں، دن میں ایک سے دوبار نہائیں، صاف پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔

ماہر امراض جلد نے کہا کہ شہری اینٹی بیکٹیریل صابن استعمال کریں اور گرمی میں کام سے احتراز کریں۔

تازہ ترین