• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی بیٹریس نے شادی کرلی


ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی بیٹریس پراپرٹی ٹائیکون ایڈوارڈو ماپیلی موزی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

شادی جمعے کے روز 11 بجے رویال لاجز ونڈسر کے دا رویال چینل آف آل سینٹس میں ایک مختصر تقریب کے دوران انجام پائی۔

شادی کی تقریب میں شہزادی کی دادی 94 سالہ ملکہ الزبتھ اور دادا 99 سالہ پرنس فلپ نے بھی شرکت کی۔ عالمی وبا کی وجہ سے کئی ماہ بعد ان دونوں کی کسی تقریب میں یہ پہلی شرکت تھی۔

شاہی ترجمان نے بتایا کہ برطانوی وقت کے مطابق دن 11 بجے ہونے والی تقریب میں صرف قریبی رشتے داروں نے شرکت کی اور اس میں عالمگیر وبا کورونا سے بچاؤ کی تمام حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا گیا۔

29 مئی کو ہونے والی شہزادی بیٹریس کی شادی برطانیہ میں 23 مارچ کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے موخر کردی گئی تھی تاہم 4 جولائی کو اس پابندی میں نرمی کرتے ہوئے اجازت دی گئی تھی کہ شادی کی تقریب میں ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے 30 افراد شریک ہوسکتے ہیں۔

31 سالہ شہزادی بیٹریس ملکہ برطانیہ ملکہ کے چھوٹے بیٹے اینڈریو کی سابق اہلیہ سارہ فرگوسن  کی بڑی بیٹی ہیں، شہزادی بیٹریس تخت کے وارثوں کی فہرست میں 9ویں نمبر پر ہیں۔

شہزادی بیٹریس شاہی خاندان کے رکن کے طور پر کام کرنے کے بجائے ایک کمپیوٹر کمپنی میں ملازمت کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ پرنس اینڈریو اور سارہ کی بیٹی بیٹریس کی شادی29مئی کو طے تھی جس میں شاہی خاندان کے علاوہ بڑے پیمانے پر مہمانوں کی شرکت متوقع تھی مگر عالمی وبا کورونا کے خدشات کے پیش نظر یہ شادی ملتوی کر دی گئی تھی۔

اس سے قبل بھی شہزادی بیٹریس کی شادی شہزادہ ہیری اور میگھن کے شاہی خاندان چھوڑ کر کینیڈا منتقل ہونے کی وجہ سے ملتوی ہوگئی تھی۔

تازہ ترین