مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان غیر ملکی شہریت رکھنے والے اپنے مشیروں، وزیروں سے استعفیٰ لیں کیونکہ انہوں نے خود ہی کہا تھا کہ دوہری شہریت ہو اور یہاں وزیر بھی ہوں یہ نہیں ہوسکتا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران صاحب آپ نے کہا تھا، یہ نہیں ہوسکتا کہ دوہری شہریت بھی ہو اوروہ ملک کے مستقبل کے فیصلے بھی کریں، آپ نے کہا تھا کہ جس کے پاس دوسرے ملک کا پاسپورٹ ہو اسے پارلیمان میں نہیں بیٹھنا چاہئے۔‘
مریم اورنگزیب نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب دوہری شہریت رکھنے والوں کو 22 کروڑ عوام کی قسمت کے فیصلے کیوں کرنے دے رہے ہیں؟ عمران صاحب آج غیرملکی پاسپورٹ والوں کو کابینہ میں کیوں بٹھا رکھا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ملک پر غیر ملکی ٹولہ مسلط ہونے کی وجہ سے عوام بیروزگاری، معاشی تباہی اور بھوک میں مبتلا ہیں۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سب فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کی پیداوار مشیروں اور وزیروں کا ٹولہ ہے جو تحفے میں عمران صاحب کو ملا ہے۔