وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ سندھ میں حالیہ بارش نے 3 نسلوں کی "خدمت" کا پول کھول دیا، تھوڑی شرم کریں اور سندھ کے عوام کو بنیادی سہولتیں دیں۔
شہبازگل نے پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک آپ کے لائے بحرانوں سے نکل رہا ہے، جبکہ متحدہ اپوزیشن کرپشن کی وجہ سے بحران کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چارٹر آف کرپشن پارٹ 2 کرنے جا رہی ہے، اپنے ذاتی مفاد بچانے کیلئے اپوزیشن ملک کی منفی منظرکشی کررہی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کی راہ میں عمران خان سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، آپ قصۂ پارینہ اور عمران خان قوم کا مستقبل ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو بے دردی سے لوٹ کر کھوکھلا کردیا، زرداری کی قیادت میں ملک میں رشوت کے کلچر کو عام کیا گیا۔
شہبازگل نے کہا کہ آپ کے چیئرمین پر اوپل 225 کیس میں 5 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں، جبکہ کراچی کو روشنیوں کے شہر سے کچرے کے شہر میں بدل کر رکھ دیا گیا۔