وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق اور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ کے مسائل کاجائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر جاری اعلامیہ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور امور کشمیر وگلگت بلتستان کے وزراء کا مشترکہ طور پرکام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ملاقات میں اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں نیٹ ورکنگ پر بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ انٹرنیٹ، موبائل فون اورکیبل ٹی وی سروس کے جاری منصوبے تیزی سے مکمل کیےجائیں گے، وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ 92 کمیونیکیشن ٹاورز کو 2 جی سے 4 جی منتقلی پر کام جاری ہے، شاہراہ قراقرم پر 65 ٹاورز کی تنصیب کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک اور کمیونٹی سینٹر کا جلد افتتاح کیا جائے گا، آئی ٹی پارک سے مقامی آبادی کو تیز ترین انٹرنیٹ سروس میسر آئے گی۔
سید امین الحق نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ترین وزارت محدود فنڈز میں مثالی کام کررہی ہے۔
وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امین گنڈاپور نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے جاری منصوبے اجاگر کریں گے تاکہ عوام کو اطمینان ہوسکے، جہاں فنڈز کی کمی کا مسئلہ درپیش ہوگا وفاق سے ضرور بات کریں گے۔