کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اثاثے ظاہر کرنے کی نئی روایت ڈالی ہے ،جہاں تک دہری شہریت کا تعلق ہے اس کے لئے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ قانون کیا کہتا ہے قانون واضح طور پر کہتا ہے کہ دہری شہریت والی کوئی شخصیت پارلیمنٹ اور سینیٹ کی ممبر نہیں ہوسکتی ہے تاہم وہ کسی اور عہدے پر فائز ہوسکتے ہیں اس حوالے سے ان پر کسی قسم کی کوئی قدغن نہیں ہے ۔ تاہم اس میں ہمارا کسی قسم کا کوئی مفاد ہو تو ہمیں اس سے پرہیز کرنا ہے ۔ منتخب اور غیر منتخب کے حوالے سے انہوں نے کہا جو منتخب ہے ان کی افادیت اپنی جگہ پر ہے کیونکہ وہ عوامی نمائندے ہیں لیکن ہر منتخب کے ساتھ ایسے تجربہ کارماہرین کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو گورننس کے حوالے سے بہترین آراء دے سکیں اور یہ دنیا بھرمیں ہوتاہے اور ہمارے آئین میں بھی اس کی گنجائش موجود ہے کہ وزیراعظم کم از کم پانچ ٹیکنو کریٹ ایڈوائزر نامزد کرسکتے ہیں ۔ میزبان نے اپنی گفتگو میں کہاکہ عمران خان ٹی وی لائسنس کو پہلے بھتہ قرار دیتے تھے ۔