انٹر نیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کی کوششوں سے سیپک ٹاکرا کو ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ انڈور گیمز 22 سے 29 مئی2021 کو تھائی لینڈ میں ہوں گے۔ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری اور ایشین سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر عبدالحلیم بن کادر نے پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے ساتھ ساتھ سیپک ٹاکرا میں حصہ لینے والے تمام ممالک کی فیڈریشنز کو بھی اس خوشی کی خبر سے آگاہ کردیا ہے اور ان سے گیمز میں شرکت کیلئے خصوصی درخواست بھی کی ہے کہ گیمز میں بحالی کے بعد انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا سے جڑے تمام ممالک کی ٹیمیں اس میں بھرپور شرکت کریں تاکہ گیمز میں ہم زیادہ سے زیادہ میڈلز حاصل کرسکیں اور دنیا کو بتائیں کہ سیپک ٹاکرا کے باصلاحیت کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں۔
ایشین انڈور گیمز سیپک ٹاکرا میں11 ایونٹ کھیلے جائیں گے اس سے پہلے چھ ایونٹ ہوا کرتے تھے۔ اب زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت کیلئے گیمز میں ایونٹس کی تعداد بڑھا گئی ہے۔ عبدالحلیم بن کادر کا کہنا ہے کہ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ 22 سے 29 مئی 2021 تک تھائی لینڈ میں ہونے والے شیڈول آنے والے ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز میں سیپاک ٹاکرا اور ہوپ سیپک ٹاکرا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مرد اور خواتین کے لئے مکسڈ ہوپ، مکسڈ ٹیم ریگو، مکسڈ ریگو، مکسڈ ٹیم ڈبل، میکسڈ ڈبل، مکسڈ ٹیم کواڈرانٹ، مکسڈ انڈر، مکڈ انڈر 21 ایونٹس کے مقابلے شامل ہیں۔ میں آپ سب کی صحت، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہوں۔ گزشتہ چار پانچ ماہ سے کووڈ 19 نے وبائی مرض کی شکل اختیار کرلی تھی اور اس سے دنیا بھر کے لوگ متاثر ہوئے۔ سیپک ٹاکرا کے کھیل سے جڑے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی اپنی انفرادی تربیت حاصل کرنے کے ساتھ ہر ملک کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) کے سربراہ، مہمان خصوصی شیخ احمد الفہد الصباح اور ان کی ٹیم کی طرف سے اس ایونٹ میں سیپک ٹاکرا کو شامل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اور ایشین سیپک ٹاکرا فیڈریشن او سی اے سے ڈائریکٹر برائے ایشین گیمز کی سربراہی میں او سی اے ٹیم کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔
صدر مملکت تھائی لینڈ این او سی اور تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم سے بھی ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز کا میزبان بننے پر شکریہ ادا کرتا ہوں یہ پہلا موقع ہوگا جب مرد اور خواتین کے ساتھ جوائنٹ سیپک ٹاکرا مقابلو ں کو ایک ایونٹ میں شامل کیا جائے گا۔ ایشین گیمز میں ملائشیا، انڈونیشیا، برونائی، ایران، عمان، پاکستان، عراق، افغانستان اور دیگر ممالک کی خواتین کے لئے اسلامی طرز کے لباس متعارف کرائے جائیں گے۔ گیمز میں شرکت کیلئے ہم نے او سی اے ٹیم سے وعدہ کیا ہے کہ اے ایس ایف اے ایف اور اس کے سیپک ٹاکرا خاندان ایشین کھیلوں کے ضابطہ اخلاق کی تعمیل کریں گے اور ہم آہنگی کے طریقوں سے آپ یقیناً خوش ہوں گے۔
حلیم عبدالکادر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ سیپک ٹاکرا کے عالمی مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور نوجوانون کھلاڑیوؒں نے مختلف ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔ ایشین انڈور گیمز میں بھی ان کی شرکت بھرپور ہوگی اور وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری اور ایشین سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر عبدالحلیم بن کادر نے پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر سعد عثمانی اور دیگر ممبرز ممالک کے صدور کو بذریعہ خط ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز میں سیپک ٹاکرا کی شمولیت کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سیپک ٹاکرا کے کھیل کو ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹ گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر سعد عثمانی، سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان، سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ، ہیڈ کوچ شبیر احمد، عارف وحید خان (سندھ)، سردار محمد خان ( بلوچستان)، عامر لطیف (پنجاب) اور دیگر ممبران نے انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر اور تھائی لینڈ اولمپک کے سیکرٹری جنرل چارخ اریرا چارن اور عبدالحلیم بن کادر کو ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز میں سیپک ٹاکرا کو شامل کرنے پر ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن ان کی کاوشوں کو سراہتی ہے۔ پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان نے کہا کہ پاکستان سیپک ٹاکرا کی ٹیم انشا اللہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر سرپرستی ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹ گیمز میں ضرور شرکت کرے گی۔
سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم 2018 میں انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی بدولت شرکت کرچکی ہے جوکہ ہمارے لئے ایک اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے سیپک ٹاکرا ورلڈ چیمپئن شپ میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور اس میں ہماری کارکردگی بھی اطمینان بخش ہے۔ اب ایشین انڈور گیمز میں سیپک ٹاکرا کے شامل کئے جانے پر خوشی ہوئی ہے اس میں اپنے نوجوانوں کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور شرکت کریں گے اور میڈلز حاصل کریں گے۔