پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک کے30قومی کھلاڑیوں کو30ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کیا ہے،یہ رقم کورونا وائرس کی وجہ سے مالی طور متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کو دی جارہی ہے،پی ایچ ایف کے سکریٹری جنرل آصف باجوہ نے کہا ہے کہملک بھر میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر کھول دئیے گئے ہیں، پی ایچ ایف کو بھی ایف آئی ایچ و دیگر فیڈریشنز کی جان سے ملک میں ہاکی مقابلوں کی بحالی کے لئے خط ملے ہیںکوشش ہے جہاں ممکن ہو ایس او پیز کے ساتھ عالمی ہاکی بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ اگست کے آخر میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا، ایف آئی ایچ 2023 میں فائیو سائیڈ ہاکی ورلڈ کپ کرائے گی۔
ستمبر اکتوبر میں ایس او پیز کے ساتھ قومی ٹرے اور قومی سنیئر ہاکی چیمپئن شپ منعقد ہوگی۔سینیگال اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے باہمی رضامندی سے2022میں ہونے یوتھ اولمپکس گیمز2026تک ملتوی کردئیے ہیں،ڈاکار میں ہونے والے یہ گیمز کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باعث ملتوی کئے گئے ہیں، تاہم سینیگال سے میزبانی واپس نہیں لی گئی ہے، سینیگال کو یوتھ اولمپک کھیلوں کی عمدہ تیاریوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تحت بدھ کو آن لائن کوچنگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طیب اکرام،طاہر زمان اوردیگر نے لیکچر دئیے، ورکشاپ میں کراچی سے اولمپئن کاشف جواد، انٹر نیشنل ہاکی پلیئر محمد علی خان، خالد جونیئر اور اذلان خان نے شر کت کی۔ سیپاک ٹاکرا کو ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹ گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے جوکہ تھائی لینڈ میں 22 سے 29 مئی کو ہونگے، ایشین انڈور گیمز سیپاک ٹاکرا میں 11, ایونٹ کھیلے جائیں گے اس سے پہلے 6 ایونٹ ہوا کرتے تھے۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال نے راولپنڈی میں خاورشاہ قومی خواتین بیس بال اکیڈمی قائم کردی ہے ، انتظامی امور کی ذمہ داریاں یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس ویلفیئرسوسائٹی نبھائےگی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سیدفخرشاہ نےبتایا کہ فیڈریشن چیئرمین شوکت جاوید کی زیرسرپرستی پاکستان میں یوتھ ٹیلنٹ کی پروموشن کیلئے کام کررہی ہے ، اکیڈمی کاافتتاح پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ ٹیموں کے مابین میچ سے ہو گا جس میں ملک بھر کے انٹرنیشنل اور نیشنل سطح کی کھلاڑی اور آفیشلز شریک ہونگے۔
کراچی اسپورٹس فورم کی ایگزیکٹیو کمیٹی کااجلاس صدر سید وسیم ہاشمی کی صدارت میں ہواجس میں ممبران نے کھیلوں اورفلاحی وسماجی خدمات کے دائرہ کارکو ملک کے دوسرے شہروں میںوسیع کرنے کیلئے فورم کے نام کوکراچی اسپورٹس فاونڈیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی،اجلاس میں قومی اوربین الاقوامی سطح پرملک کیلئے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کیلئے تقاریب منعقد کرنے ،انہیں تعلیمی اسکالرشپ کی فراہمی ،میرٹ پرپورااترنے والے کھلاڑیوں کی مالی مدد کیلئے وظیفہ مقررکرنے اور مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ اسٹاف کیلئے کوروناکے مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کے سلسلے میں مختلف اداروں سے مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کابھی فیصلہ کیا گیاکے ایس ایف کے صدروسیم ہاشمی نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اورکھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلیے فورم کے پلیٹ فارم کو فاونڈیشن میں تبدیل کرنے سے اب اسپورٹسمین،کوچز،آرگنائزرز اور گراؤنڈ اسٹاف کو کھیلوں کے ساتھ ساتھ دیگرشعبوں میں بھی مزیدوسیع پیمانے پر خدمات اور سہولیات کی فراہمی کے سلسلے کوجاری رکھیں گے۔
پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت اسپورٹس فار لائف کے اشتراک سے "آن لائن اسکواش چیلنج"کا آغاز ہوگیا ،کمشنر آفس کراچی میں منعقد ہ سادہ تقریب میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے اسکواش چیلنج کا افتتاح کیا، اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرIIڈاکٹر وقاص روشن،سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت ،معروف فیشن ڈیزانر کھیلوں کے سرپرست ندیم احمد معاذ جی،سابق قومی ہاکی کوچ اخلاق احمد، سماجی شخصیت محمد سلیم خمیسانی، غلام محمد خان ،،لیگل ایڈوائزر غلام عباس جمال ایڈوکیٹ، پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ماسٹر اصغر بلوچ ،جوائنٹ سیکریٹری اسپورٹس فار لائف اسد عباد علی ، شاہ زیب کیانی ایڈوکیٹ ،جنرل سیکریٹری حمیرہ صدیقی ،ناصرہ الیاس ،آمنہ مختار سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھے۔
کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے آن لائن اسکواش چیلنج کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوروناکی وجہ سے جہاں پوری دنیا مشکل صورتحال کا سامنا کررہی ہے اور جہاں زندگی کے تمام شعبے متاثر ہیں وہیں شعبہ کھیل بھی متاثر ہورہا ہے اور کھیل کے میدان اس وباء کی وجہ سے ویران پڑے ہیں ایسے مشکل صورتحال میں نوجوان کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے آن لائن کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد ایک مثبت قدم ہے۔
پاکستان خواتین ہاکی ٹیم کھلاڑی تہیمنہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں، ان کی شادی کسٹمز آفیسر رائو سلیم کے ساتھ سادگی سے انجام پائی جس میں کورونا ایس او پیز کی وجہ سےمحدود تعداد میں عزیز و اقارب نے شر کت کی۔کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال نومبر میں ہونے والی پاکستان انٹر نیشنل والی بال لیگ ملتوی کردی گئی ہے، پاکستان والی بال فیڈریشن کے سکریٹری انجنیر شاہ نعیم ظفر نے جنگ کو بتایا کہ پاکستان میں کھیلوں کی سر گرمیوں پر پابندی کے باعث صورت حال غیر یقینی ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی بھی بیرون ملک لیگ میں حصہ لینے سے گریزاں ہیں، والی بال لیگ کے لئے اسپانسر سے معاہدہ ہوگیا ہے جو اس بات پر رضامند ہے کہ اگلے سال اس لیگ کی اسپانسر شپ کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹر نیشنل والی بال لیگ کے منصوبے سے بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام کو آگاہ کردیا ہے جنہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے،انہوں نے بتایا کہ لیگ کے حوالے سے کئی غیر ملکی کھلاڑیوں سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے،شاہ نعیم نے بتایا کہ قومی سنیئر مینز والی بال چیمپئن شپ15سے22نومبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی،قومی خواتین والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی کراچی یا پشاور میں ہوگی جو دسمبر میں ہوگی،قومی جونیئر انڈر23والی بال چیمپئن شپ اگلے سال جنوری میں سیالکوٹ میں کھیلی جائے گی۔