• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولینڈ کی جامعات میں اردو چیئر پر اتفاق 


 پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے کہا ہے کہ پولینڈ کی مختلف یونیورسٹیوں میں اردو چئیر کے قیام پر گفتگو جاری ہے، اس سے ثقافتی میدان میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان رشتوں میں مزید وسعت آئے گی۔

انہوں نے جنگ اور جیو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولینڈ کی قدیم ترین یگو لینیا یونیورسٹی میں اردو چئیر کے قیام پر گفتگو آخری مراحل میں ہے۔

یگو لینیا یونیورسٹی کو پولینڈ کے لوگ اپنا فخر سمجھتے ہیں اور جو اس وقت ریسرچ کے حوالے سے ایک اہم اور تحقیق کے میدان بڑا کردار ادا کرہی ہے اس تعلیم گاہ سے فارغ ہونے والے طلبہ نے نوبل پرائز اور آسکر ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اصولی طور پر وزارت تعلیم اور جامعہ کی انتظامیہ نے اردو چیئر پر اتفاق کر لیا ہے اور اسی طرح وارسا یونیورسٹی کیلئے بھی بات چیت جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کے قیام سے ہمارے سیاسی ہی نہیں بلکہ ثقافتی رشتوں میں بھی وسعت آئے گی۔

ملک محمد فاروق نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات کافی بہتر ہیں پولینڈ کے پائلٹس نے پاکستان کی ائر فورس کی بنیاد رکھنے میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کے درمیان ائیر فورس اور سپارکو کے قیام پر تعاون رہا ہے، اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 540 ملین ڈالر ہے جو اس وقت پاکستان کے حق میں ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولینڈ اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مزید گرمجوشی اور گہرائی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا پولینڈ نے خاص طور یورپین میں پاکستان کی تجارتی رعایتی اسکیم جی ایس پی پلس دلوانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا جسے پاکستان انتہائی قدر اور منزلت سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی کی ہر دو سال میں نظر ثانی میں بھی پولینڈ پاکستان کی مدد کرتا ہے پولینڈ کے کوہ پیما پاکستان کے پہاڑی سلسلہ کی چوٹیوں کو عبور کرنے جاتے ہیں جو واپس آکر میڈیا میں پاکستان سے متعلق اچھے خیالات کا اظہار کرتے ہیں جو بہت حوصلہ افزا اقدام ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا اس سال پاکستان اور پولینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے پچاس سال مکمل ہورہے ہیں اس موقع ہمارے پولینڈ سے تعلقات پر ایک کتاب بھی آرہی ہے جسے یورپی دارلحکومت برسلز اور وارسا میں لاؤنچ کیا جائے گا۔

تازہ ترین