• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے صحتیاب روبینہ اشرف گھر پہنچنے پر خوش


ورسٹائل اداکارہ روبینہ اشرف کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد گھر پہنچ گئیں، انھوں نے اس پر خوشی کا اظہار کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر روبینہ اشرف کی بیٹی منا روبینہ طارق نے اپنی والدہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔

انھوں نے لکھا کہ یہ سب اس مسکان کے لیے جس کے بارے میں میں نے سوچا تھا کہ شاید میں اسے کبھی نہ دیکھ پاؤں اور ان ہاتھوں کے لیے جن کے بارے میں میں نے سوچا کہ میں انھیں شاید اب  کبھی نہ چوم پاؤں۔

ان کا اپنے پیغام میں یہ بھی کہنا تھا کہ میری والدہ جو ایک ماہ تک کورونا وائرس سے نبردآزما رہیں اور اس سے صحتیاب ہوکر دوبارہ ہمارے درمیان ہیں۔

منا روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ میں نے روزانہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مجھے میری سب سے بہترین چیز دوبارہ لوٹادیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت نے مجھے نہ صرف یہ سکھایا کہ میں ان کا زیادہ خیال رکھوں بلکہ اس نے مجھے یہ احساس بھی کروادیا کہ میں ان کے بغیر کچھ بھی نہیں۔

شیئر کی گئی اس تصاویر میں روبینہ اشرف گھر میں ان کے استقبال کے لیے کی گئی سجاوٹ کے پاس ہی بیٹھی ہیں۔

اداکارہ کی بیٹی نے لکھا کہ یہ تصویر ان لوگوں کے لیے جنہوں نے میری والدہ کے لیے دعائیں کیں، ان کی خیریت دریافت کرنے لیے پیغامات بھیجے۔


انھوں نے ساتھ میں مداحوں سے اپیل کی کہ وہ روبینہ اشرف کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ 

اس حوالے سے خود روبینہ اشرف نے بھی انسٹاگرام پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں انھوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ لیجنڈی اداکارہ تین جون کو کورونا  وائرس کا شکار ہوگئی تھیں، جس کے بعد انھوں نے خود کر گھر ہی میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

بعدازاں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ ان کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

بعدازاں اداکارہ کے شوہر طارق مرزا نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ کورونا سے صحت یاب ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین