• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی چھوٹے مکانوں پر سود کی سبسڈی 10 سال جاری رہے گی

نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی چھوٹے مکانوں پر سود کی سبسڈی 10 سال جاری رہے گی


اسلام آباد(نمائندہ جنگ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیاپاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے مارک اپ سبسڈی کی منظوری دیدی۔ مکانوں کیلئے بینکوں سے قرضہ پرمارک اپ میں زر تلافی( سبسڈی ) کا عرصہ 10 سال ہوگا، 5 مرلہ مکان کیلئے قرضہ پرپہلے پانچ برسوں میں مارک اپ کی شرح 5 فیصد اورآنیوالے پانچ برسوں میں 7 فیصد ہوگی، 10 مرلہ مکان پرحاصل قرضہ پرپہلے پانچ سال مارک اپ کی شرح 7 فیصد اور آنیوالے 5 برسوں میں 9 فیصد ہوگی۔ 

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو مشیر امور خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سال2020-21 ءکیلئے پاسکو سے پاکستان آرمی کیلئے ادائیگی کی بنیاد پر ایک لاکھ50 ہزارمیٹرک ٹن گندم مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

اجلاس میں پی ٹی بی آرڈیننس 1968کے دفعہ (1 )8 کے تحت پرائس اینڈ گریڈ رویژن کمیٹی کی سفارشات پرتمباکو کی قیمتوں کی منظوری بھی دی گئی۔ای سی سی نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کوقیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اورنظام میں خامیوں کی نشاندہی کرکے اس بارے ای سی سی کو تفصیلی پریزینٹیشن دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نیاپاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تجویز پرہاؤسنگ فنانس کیلئے مارک اپ سبسڈی کی منظوری دی گئی ۔ زرتلافی کا اطلاق 3 سے لیکر5 مرلہ کے ان مکانوں پرہوگا جن کی مالیت 35لاکھ روپے اور10 مرلہ مکانوں کیلئے 60 لاکھ روپے سے سے زائد نہ ہوں۔ 

مارک اپ پرزرتلافی کی مد میں 10 برسوں کیلئے 33 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، جاری مالی سال کیلئے زرتلافی کی مد میں 4 ارب 77کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں ۔

تازہ ترین