• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کے داماد نے میل آن سنڈے اور ڈیوڈ روز کیخلاف مقدمہ کردیا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف نے برطانوی اخبار میل آن سنڈے، میل آن لائن اور رپورٹر ڈیوڈ روز کے خلاف لندن میں مقدمہ کردیا ہے، جس میں معافی مانگنے اور 500000 پونڈ سے زائد ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ گزشتہ سال شائع ہونے والے ایک آرٹیکل پر دائر کیا گیا، جس میں عمران علی یوسف پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ 2005 میں آزاد جموں و کشمیر میں زلزلہ متاثرین کیلئے مختص برطانوی فارن ایڈ چوری کر رہےہیں۔ عمران علی یوسف نے مقدمے میں ڈیلی میل کی جانب سے عائد کرپشن کے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے انتقام کی خاطر ان کےخلاف ڈیلی میل کو استعمال کیا اور ڈیلی میل نے جان بوجھ کر بغیر تحقیق کرپشن کے الزامات لگائے۔ عمران کا کہنا ہے کہ ڈیلی میل میں شائع ہونے والے الزامات کا مقصد سیاسی انتقام تھا، حبس بےجا میں رکھے گئے افراد پر تشدد کرکے میرےخلاف بیانات لئے گئے جبکہ ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) کی فنڈنگ سے کبھی میرا کوئی تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے اخبار پر 5 لاکھ پونڈ ہرجانے اور معافی مانگنے کا دعوٰی کیا ہے۔ خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پؤنڈ پنجاب کو دیئے۔ اس سے قبل رواں برس 12 مئی کو شہباز شریف نے بھی برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ کیا تھا اور ان الزامات کو رد کردیا تھا۔ یوسف کی شادی شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ شریف سےہوئی ہے۔ دی میل کے پبلشرز کا کہنا ہے کہ وہ اس خبر پر قائم ہیں اور اس کا عدالت میں دفاع کریں گے۔ یوسف کا یہ کیس پی ٹی آئی لندن کے سابق صدر وحید الرحمٰن میا نے دائر کیا ہے۔ جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی کہ میں علی عمران کی نمائندگی اس کیس میں کر رہا ہوں، میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھتا ہوں لیکن میں ایک وکیل ہوں اور اپنے کلائنٹ کی نمائندگی یہ سمجھتے ہوئے کر رہا ہوں کہ یہ کیس دفاع کے قابل ہے۔

تازہ ترین