عالمگیر وبا کورونا سے صحتیاب ہونے والی پاکستان کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف ایک ماہ اسپتال میں زیر علاج رہنے اور صحتیاب ہوکر گھر واپس آنے پر خوش دکھائی دے رہی ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بچوں کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے روبینہ اشرف نے بتایا کہ وہ گھر آکر بہتر محسوس کررہی ہیں اور خوش ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں ان تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں جو اس مشکل وقت میں میرے اور میرے اہل خانہ کا سہارا بنے۔‘
روبینہ اشرف نے یہ بھی لکھا کہ میرے اہل خانہ نے میری صحت کو بہتر بنانے اور زندگی بچانے کی سر توڑ کوشش کی۔
آخر میں انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے والے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ لیجنڈی اداکارہ تین جون کو کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے خود کر گھر ہی میں قرنطینہ کرلیا تھا۔
بعدازاں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ ان کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔