کوئٹہ کی 10 یونین کونسلوں میں آج انسداد پولیو مہم کا کیچ اپ ڈے ہے، انسداد پولیو مہم کی ٹیم نے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو کے حکام کے مطابق کوئٹہ کی 10یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی خصوصی پولیو مہم کا آج آخری دن ہے، پولیو رضاکار گھر گھر جا کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
کوئٹہ میں 541 ٹیمیں، 395 موبائل ٹیمیں اور 34 فکسڈ سینٹرز پر پولیو ویکسین پلائی جارہی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 500 سے زائد پولیو ورکرز کو خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
مہم کے دوران ان بچوں پر فوکس کیا جارہا ہے جو پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے رہ گئے تھے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق رواں سال بلوچستان میں پولیو کے 15 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔