• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ کاردار کی درخواست مسترد، پنجاب اسمبلی کی نشست سے استفیٰ دینے کا حکم


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قائمہ کمیٹی نظم و احتساب کمیٹی نے سابق ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ کاردار کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے جبکہ انہیں پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

پارٹی رکنیت معطلی پر عظمیٰ کاردار نے پی ٹی آئی کی قائمہ کمیٹی نظم و احتساب کے سامنے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی۔

تاہم قائمہ کمیٹی نظم و احتساب نے ان کی اپیل مسترد کردی جبکہ پارٹی رکنیت ختم کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی نے عظمیٰ کاردار کو پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے بھی فوری طور پر استعفیٰ دینے کا حکم دے دیا ہے۔

اس کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ عظمیٰ کاردار نے پارٹی آئین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے اور ایک صحافی سے سینئر پارٹی رہنماؤں کے خلاف ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔

واضح رہے کہ 6 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اپنی رکن عظمیٰ کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کردی تھی۔

پارٹی کے اس فیصلے کے خلاف عظمی کاردار نے درخواست دائر کردی تھی جس میں انہوں نے موقف اپنایا کہ کسی پبلک پلیٹ فارم پر پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔

عظمی کاردار نے کہا تھا کہ فیصلے کے خلاف پارٹی کی ایپلٹ کمیٹی میں درخواست دائر کرنے جارہی ہوں لیکن میں اب بھی میں اپنے قائد عمران خان اورپارٹی کے ساتھ کھڑی ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کے لیے خون پسینہ دیا ہے اور پارٹی کے ساتھ ہوں، آڈیولیک کی سازش میرے خلاف ہوئی ہے، وکلا کی مشاورت سے اقدام کروں گی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی نظم و احتساب کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے کے مطابق وزیراعظم اور خاتون اول پر تنقید کی تھی۔

تازہ ترین