• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اور پنجاب میں حادثات، 11 افراد جاں بحق

سندھ اور پنجاب میں حادثات، 11 افراد جاں بحق


سندھ اور پنجاب میں پیش آنے والے 3 مختلف ٹریفک حادثات میں عورتوں اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔

نواب شاہ میں قاضی احمد لنک روڈ پر سیال اسٹاپ کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی سے آنے والے افراد کی کار اور ٹرک میں تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے۔

جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو ایدھی رضاکاروں اور پولیس نے پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

پولیس نے ریسکیو ادارے کے اہلکاروں کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو حادثے کا شکار گاڑی سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد میں ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ موضع ٹین ون اے ایل کے قریب پیش آیا ہے جس میں جاں بحق ہونے والوں میں مرد، خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جاں بحق افراد کی لاشوں کو جائے حادثہ سے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: مستونگ، ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق

ادھر لاہور کے علاقے سندر میں ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس پر سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے 2 بچے شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سندر کے علاقے مراکہ کے قریب موٹر سائیکل ٹرک سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں، بیوی اور بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ منیر احمد، 32 سالہ شکیلہ بی بی، 7 سالہ حماد اور 6 سالہ فاطمہ شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق چاروں لاشیں سندر پولیس اسٹیشن منتقل کر دی گئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ضلع شیخو پورہ سے ہے۔

تازہ ترین