• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش




کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ، شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ، شارع فیصل، گلستان جوہر، ملیر، گلشن اقبال، لانڈھی، کورنگی میں موسلا دھار بارش ، سرجانی ٹاؤن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی بادل برسے ، نالوں کی صفائی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں گندا پانی سڑکوں پر آگیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے تیسرے اسپیل کے متعلق اندازے غلط ثابت ہوئے، موسلا دھار بارش ایک سے دو گھنٹے جاری رہ سکتی ہے ، شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ، بارش کا سلسلہ کل دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں بارش سے قبل حبس کی کیفیت تھی تاہم جہاں جہاں بارش ہوتی گئی وہاں موسم خوش گوار ہوتا چلا گیا۔

شہر میں بارش کے جاری اعداد و شمار جاری کے مطابق گلستان جوہر میں 60 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ 55 اور پہلوان گوٹھ میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ہے۔

سپر ہائی وے مویشی منڈی میں بارش کے بعد بیوپاریوں کے کاروبار متاثرہونے کا خدشہ ، خریداروں کو قیمت کم ہونے کی امید ہے۔

شہر میں ہوئی بارش کے بعد زیب النساء اسٹریٹ، شارع فیصل لال کوٹھی اور فائن ہاؤس پر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔

کراچی: گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش
تصویر: نمائندہ جنگ سہیل رفیق

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، لیاقت آباد، سہراب گوٹھ، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، اختر کالونی، کشمیر کالونی، ڈیفنس ویو، پی ای سی ایچ ایس سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔

گلشنِ اقبال میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ہی آسمانی بجلی کا خوفناک دھماکا بھی سنائی دیا۔

محکمۂ موسمیات نے کراچی میں دوپہر کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق معتدل شدت کا مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہو رہا ہے، اس سسٹم کے زیرِ اثر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے۔

کراچی: گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش
تصویر: نمائندہ جنگ سہیل رفیق

اس سسٹم سے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں آج اور کل بارش ہونے کا امکان ہے، بارش سے پہلے آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس وقت کم سے کم درجۂ حرارت 30 اعشاریہ 5 سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

کراچی: گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش
تصویر: نمائندہ جنگ سہیل رفیق

کراچی میں جنوب مغرب سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔

دوسری جانب کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب اور اس کے گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار جاری ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

تازہ ترین