• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارمان ملک ’دل بیچارہ‘ دیکھنے کے بعد جذباتی ہوگئے

بھارت کے معروف گلوکار ارمان ملک خودکشی کر کے دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار ارمان ملک نے فلم ’دل بیچارہ‘ دیکھنے کے بعد اپنے جذبات سے آگاہ کیا۔

ارمان ملک نے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ اپنے پیاروں کو گلے لگا کر ان سے کہیں کہ میں آپ سے پیار کرتا ہوں اور وہ آپ کیلئے اہم ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں سے کہیں کہ ’ہم ساتھ مسکرائیں گے اور ساتھ روئیں گے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ جب میں نے سوشانت کو اسکرین پر دیکھا تو اپنی نظر نہ ہٹا پایا، اس کی دلکش مسکراہٹ نے میرا دل موہ لیا، اس کی احمقانہ حرکتوں نے مجھے قہقہہ مارنے پر مجبور کردیا اور اس کے رونے نے مجھ میں عجیب سی بےچینی پیدا کردی ہے۔

گلوکار نے لکھا کہ آج رات سوشانت کو اسکرین پر دیکھتے ہوئے میں نے اپنے اندر موجود ہر جذبے کو محسوس کیا ہے۔

واضح رہے کہ  34 سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں خودکشی کرلی تھی۔

سوشانت سنگھ کی موت کو ڈیڑھ مہینے سے زیادہ کا وقت گزر گیا ہے لیکن ابھی بھی اداکار کے مداح ان کی موت کے صدمہ سے باہر نہیں آسکے ہیں، مداحوں کو ’دل بیچارہ‘ کا بےصبری سے انتظار تھا۔ مداح اسے ایک جذباتی اور رُلا دینے والی فلم قرار دے رہے ہیں۔

 فلم ’دل بیچارہ‘ پہلے مئی میں ریلیز ہونے جا رہی تھی لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ایسا نہ ہو سکا۔

تازہ ترین