ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ممبئی پولیس مسلسل کیس کی تفتیش کررہی ہے ۔ تقریبا 40 دنوں میں درجنوں افراد سے پوچھ گچھ کے بعد بھی پولیس کو ابھی تک کوئی ٹھوس ثبوت ہاتھ نہیں لگا ہے ۔سشانت کی موت کے کیس میں کئی بڑے اداکار ، پروڈیوسر اور ڈائریکٹرز سے پوچھ گچھ ہوچکی ہے ، لیکن ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے بعد بھی ابھی تک پولیس کی تفتیش کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ پائی ہے ۔
ممبئی پولیس جس طریقہ سے سشانت کیس کی چھان بین کررہی ہے، اس سے کئی لوگ ناخوش نظر آرہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ سشانت کے مداح مسلسل سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ایک بھارتی نجی چینل کے مطابق سشانت کی فیملی بھی ممبئی پولیس کی تفتیش سے غیر مطمئن ہے ۔سشانت کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس کیس کو خودکشی اور ڈپریشن تک ہی کیوں محدود رکھا گیا ہے ؟ پولیس کو اپنی تفتیش کا دائرہ بڑھانا چاہئے ۔
فیملی کی اس سوچ سے ایسا لگ رہا ہے کہ سشانت کا کنبہ بھی ایسا مانتا ہے کہ سشانت کے اپنی جان گنوانے کے پیچھے کئی اور بھی عوامل ہوسکتےہیں ۔ ادھر یہ خبر بھی آرہی ہے کہ سشانت کے اہل خانہ نے اس سلسلہ میں پٹنہ پولیس سے مدد مانگی ہے ۔
خبروں کے مطابق پٹنہ کے راجیونگر تھانہ میں سشانت کے اہل خانہ نے ایف آئی آر درج کروائی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق سشانت کے والد کے بیان کی بنیاد پر کیس درج کیا گیا ہے۔