معاون خصوصی ذلفی بخاری نے نواز شریف سے متعلق کہا ہے کہ نوازشریف کے لیے بہتر ہے وہ کمرے میں ہی رہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق کہا ہے کہ نوازشریف باہر نہ ہی نکلیں تو اچھا ہے، نوازشریف کے لیے بہتر ہے وہ کمرے میں ہی رہیں۔
ذلفی بخاری نے عالمی وبا کورونا وائر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کورونا کے دوران کسی بھی اور ایئر لائن کے مقابلے میں سستے ٹکٹ دیئے، کورونا کی وجہ سے 60 ہزار افراد یو اے ای میں پھنسے ہوئے تھے۔
انہوں نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان ہونے والے معاہدے سے متعلق کہا ہے کہ معاہدے سے نوجوانوں کی مائیکرو فائنینسنگ کی جا سکے گی، جرمنی کے تین ملین یوروز کی امداد سے چھوٹے کاروبار شروع کر سکیں گے، جرمنی کے 3 ملین یوروز تکنیکی ٹریننگ اور کاروبار میں آسانی کے لیے استعمال ہوں گے۔
ذلفی بخاری نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملازمتیں کھونے والے پاکستانیوں کی دوبارہ بحالی کی جائے گی، بیرون ملک سے آنے والوں کو چھوٹے کاروباری قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی بحالی کے لیے یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے۔
دوسری جانب جرمن سفیر نے ہا ہے کہ جرمنی پاکستانیوں کو دوبارہ ملازمتوں کے حصول میں مدد دے گا، معاہدے کے تحت اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کو تکنیکی معاونت دی جائے گی، پاکستانیوں کی تکنیکی ٹریننگ میں جرمنی مدد کرے گا۔
جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے میں ٹریننگ دی جائے گی، پاکستانیوں کو جرمن زبان کا کورس بھی کروایا جائے گا۔