• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپاٹ فکسنگ کیس میں ریلیف، عمر اکمل کی سزا نصف کردی گئی، 3 برس کی پابندی لگائی گئی تھی

اسپاٹ فکسنگ کیس میں ریلیف، عمر اکمل کی سزا نصف کردی گئی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں ریلیف مل گیا، ان کی سزا نصف کردی گئی۔ پی سی بی نے بدھ کو اعلان کیا کہ عمر اکمل کو ڈیڑھ سال کی سزا بھگنتا پڑے گی اور اگست 2021میں کھیلنے کے اہل ہوں گے۔ تاہم عمر اکمل کے خلاف ایڈ جیو ڈیکٹر نے سخت ریمارکس دیئے۔ فیصلے کے مطابق سزا کا اطلاق عمر اکمل کی عبوری معطلی کے روز سے ہوگا ، جوکہ 20فروری 2020 ہے۔ پی سی بی کے مطابق انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے 29 جولائی 2020 کو جاری کیے گئے اپنے فیصلہ میں لکھا کہ اپنے انٹرویو اور2 مختلف اوقات میں 2 مختلف افراد کی جانب سے فکسنگ سے متعلق رابطوں کے حوالے سے شوکاز نوٹس کے جواب میں اپیل کنندہ کی خوداعترافی کے بعد کسی شک کی گنجائش نہیں رہ جاتی کہ ان کے خلاف الزامات میں صداقت ہے۔ اپیل کنندہ کا مؤقف متضاد ہے اور اس کی کوئی ساکھ نہیں ۔ اپیل کنندہ کے خلاف مقدمہ درست ثابت ہوتا ہے۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل کا اپیل کنندہ کو دونوں الزامات میں قصور وار پانے کا واضح جواز موجود ہے۔ تاہم انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹرنےہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عمر اکمل کی پابندی کی مدت میں کمی کرتے ہوئے سزا کو ایک سال اور چھ ماہ کردیا ہے۔ 27 اپریل کو جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے بطور چیئرمین ڈسپلنری پینل دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائدکی تھی۔پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 7.5.4 کے تحت انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹرکے فیصلے پر اپیل صرف کھیلوں کی ثالثی عدالت میں ہی کی جاسکتی ہے۔ عمر اکمل کے وکیل طیب رضوی نے کہا کہ آزاد ایڈجیوڈیکٹر کے شکر گزار ہیں، ہمارا موقف مانا گیا۔ عمر اکمل کا کہنا ہےکہ پابندی میں کمی پر اللہ کا شکر ادا کرتاہوں، سزا کو مزید کم کرانے کی اپیل کا فیصلہ کروں گا، وکلا جو تجویز دیں گے اس کے مطابق حکمت عملی بناؤں گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس 20 فروری کو پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے موقع پر عمراکمل کو مشکوک افراد سے روابط کے الزام پر معطل کر دیا تھا۔ بعدازاں کرکٹ بورڈ کے ڈسپلنری پینل نے ان پر تین برس کے لیے کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی تھی۔

تازہ ترین