• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: عثمان بزدار

صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: عثمان بزدار


پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کہیں سے شکایت آئی تو عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہو گی۔

لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہری انتظامیہ کو عیدِ قرباں کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے اور واسا حکام کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے ہدایات کی ہیں کہ صفائی آپریشن پر مامور گاڑیاں گلیوں، سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں، شہروں کی صفائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، شہری قربانی کرنے کے فوراً بعد صفائی کے لیے قائم سیل پر رابطہ کر کے آلائشیں اٹھوائیں۔

وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے بعض علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے واسا حکام کو فوری نکاسی کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس ضمن میں رپورٹ طلب کر تے ہوئے دریافت کیا ہے کہ بارش کا پانی نکالنے کے لیے پیشگی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟

یہ بھی پڑھیئے: عثمان بزدار کا مری کی ترقی کیلئے نئے منصوبوں کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ بارش کا پانی کھڑا ہونے سے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، متعلقہ حکام کی بے خبری افسوس ناک ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ تاج پورہ اور دیگر علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

تازہ ترین