وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سمیت تمام متعلقہ اداروں نے عید کے دنوں میں بہترین کام کیا، بات بات پر تنقید کرنے والے بلاول زرداری اور مراد علی شاہ سردار عثمان بزدار سے بہتر گورننس کے گُر سیکھیں۔
اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نےکہاکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر متعارف کرائے گئےان کے ہیش ٹیگ "صاف پنجاب، شکریہ بزدار" کی دھوم رہی ہے اور یہ ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں بارش کے پانی کی مسلسل نکاس سے شہری علاقوں میں آمد و رفت میں رکاوٹ نہیں آئی، سب نے دیکھا کہ اداروں نے اپنا کام کسی سیاسی شعبدے بازی اور مداخلت کے بغیر کیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماضی میں شوباز شریف ذاتی تشہیر کے چکر میں اداروں کو کمزور کرتے رہے، دوسری جانب سندھ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے بزدار حکومت کے خلاف بھونڈے پراپیگنڈے کرتی رہی۔