• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پہلے سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی، NDMA اور FWO نے نالوں کی صفائی شروع کردی

کراچی میں پہلے سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی


کراچی(اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)خلیج بنگال میں مون سون کا سسٹم موجود،کراچی میں پہلے سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی، جمعرات سےہفتے تک گرج چمک کیساتھ بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ،NDMAاور FWO نے نالوں کی صفائی شروع کردی۔ تفصیلات کےمطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جمعرات سےہفتے تک کراچی ، حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

جمعرات کی شام یا رات سے خلیج بنگال سے مون سون کا سسٹم سندھ اور جنوبی پنجاب میں داخل ہوسکتا ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر جمعرات (شام یا رات) سے ہفتہ تک سندھ ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ داخل ہوں گی جس کے باعث جمعرات کی شام یا رات سے ہفتہ تک کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ ، بدین، تھرپارکر ، عمرکوٹ ، میرپورخاص ، سانگھڑ ، ٹنڈو اللہ یار ، مٹیاری ، ٹنڈو محمد خان ، جامشورو ، دادو اور شہیدبینظیرآباد میں تیز ہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران کراچی اور حیدرآباد سمیت کہیں کہیں پر موسلادھار بارش کی بھی متوقع ہے جس کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے ،محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے،محکمہ موسمیات نےاگرچہ پہلے ہی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے لیکن انتظامیہ کی تیاریوں پر شہریوں نے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے حکم پر نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )اور فرنٹیئر ورکس آگنائزیشن ( ایف ڈبلیو او) نے کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ۔

کراچی شہر میں گجر نالے سمیت پانچ مقامات پر نالوں کی صفائی کے کام میں تیزی آ گئی ہے جب کہ ایف ڈبلیو او کےمطابق آج سے صفائی مہم کا دائرہ بڑھادیا جائے گا ۔

تازہ ترین