• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر عارف علوی کل سینیٹ میں کشمیر پر خطاب کریں گے


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سینیٹ میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

سینیٹ آف پاکستان میں کشمیر پر خصوسی اجلاس 5 اگست ( کل ) منعقد ہوگا، جس کا ایک نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

ایوان مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ تبدیل کرنے کے بعد سے وادی میں بھارتی جارحیت، کشمیریوں کی نسل کشی، انسانی حقوق کی خلاف وزری اور مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن پر بحث کرے گا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق ’یوم استحصا ل کشمیر‘ کے حوالے سے سینیٹ کے اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سینیٹ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پارلیمانی اور عوام کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کے حق میں ہر سطح پر آواز اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے علاوہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف بھی آواز اٹھائی جائی گی۔

اجلاس میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا جائے گا کہ وہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم بند کروانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

سینیٹ میں موجود سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما بحث میں حصہ لیں گے، پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے بھی ایوان میں رکھے جائیں گے۔

‎اجلاس کی کاروائی دیکھنے کیلئے مختلف ممالک کیے سفیروں اور ہائی کمشنروں کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی ہے۔‎

اجلاس کے موقع پرایک خصوصی کتابچہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں سینیٹ کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کاوشیں شامل ہوں گی۔

‎کتابچے میں کشمیر کانفرنس کے مندرجات، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اور قابض بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم صدر مملکت کے خطاب کی تفصیل اور سینیٹ کی جانب سے منظور کی جانی والی مشترکہ مذمتی قرارداد شامل ہو گی۔

‎یہ کتابچہ دنیا بھر کے 56 ہزار اراکان پارلیمنٹ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھجوایا جائے گا۔

اراکان سینیٹ کشمیر کے حوالے سے شاہراہ دستور پر 5 اگست کو ہونے والے خصوصی واک میں بھی شرکت کریں گے۔

تازہ ترین