اسلام آباد(اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر جعلی اکاونٹس کیسز اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی میں غیرقانونی ٹھیکوں پر نیب ریفرنس کی سماعت فاروق ایچ نائیک کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی کے 7 اگست تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت نے آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرکے بری کرنے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ فاروق ایچ نائیک کے معاون وکیل اسد عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلے تک فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ جج محمد اعظم خان نے استفسار کیا کہ فاروق ایچ نائیک کہاں مصروف ہیں جس پر اسد عباسی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ کشمیر کے حوالے سے سینیٹ کا اجلاس ہے، فاروق ایچ نائیک وہاں مصروف ہیں۔ عدالت نے آصف علی زرداری کی ایک روزہ حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔ ساتھ ہی آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرکے بری کرنے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر تے ہوئے سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔